بھارتی فضائیہ کی سرینگر جموں ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کی مشق

منگل 2 اپریل 2024 21:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فضائیہ نے ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں سرینگر جموں ہائی وے پررات کے وقت ہنگامی لینڈنگ کی مشق کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فضائیہ نے سرینگر جموں شاہراہ پر 3.5کلومیٹر طویل ہنگامی لینڈنگ اسٹرپ پر رات کے وقت آزمائشی مشق کی۔

(جاری ہے)

ایک سرکاری عہدیدار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے رات کے وقت ہائی وے پر کم از کم نو ٹرائلز کیے، جو تقریباً صبح پونے چار بجے شروع ہوکر ساڑھے چار بجے تک جاری رہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مشق کے دوران ہائی وے پر ٹریفک کو متبادل راستے سے موڑ دیا گیاتھا جبکہ ہائی وے کے دونوں اطراف کے علاقوں کو مکمل طور پر سیکورٹی کی نگرانی میں رکھا گیا تھا۔انہوں نے بتایاکہ لینڈنگ کی مشق کے دوران چنوک ہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے ۔