وزیراعظم یوتھ لون پروگرام ، دانش سکولز کے دائرہ کار میں توسیع، سیاحت اور کھیلوں کا فروغ اولین ترجیح ہے ،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام

جمعرات 4 اپریل 2024 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2024ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ سیاسی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے،نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ لون پروگرام ، دانش سکولز کے دائرہ کار میں توسیع، سیاحت اور کھیلوں کا فروغ اولین ترجیح ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو متعدد چیلنجز درپیش ہیں ، سیاسی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف مسلسل میثاق معیشت پر زور دے رہے ہیں ،آئی ایم ایف سے معاہدہ کامیاب ہو رہا ہے بیرون ملک سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو چکی ہے ، مہنگائی کم ہو رہی ہے ، سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ اور تاریخی بہتری آئی ہے ، حکومت کی مثبت اور درست پالیسیوں کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کل 24 کروڑ آبادی میں سے 70فیصد 30 سال سے کم عمر نوجوان ہیں ، ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہو گا ، محنت سے کام کرنے والوں کو میرٹ کی بنیاد پر صلہ ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے تعلیم ، کھیل ، آئی ٹی اور ہنر مندی سمیت دیگر شعبوں میں مواقع فراہم کریں گے ۔

وزیراعظم شہبازشریف جب وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے لیپ ٹاپ سکیم ، پنجاب انڈومنٹ سکیم ، سکیل ڈویلپمنٹ اور دانش سکول جیسے منصوبے شروع کئے ، ہم نے ان منصوبوں کو آگے بڑھانے اور نوجوانو ں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت یقینی بنانی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو یوتھ لون پروگرام کے ذریعے قرضے فراہم کئے جائیں گے ، یوتھ لون پروگرام میں ریکوری کی شرح 98 فیصد ہے ،اس پروگرام کے ذریعے قرض حاصل کرنے والے نوجوان نہ صرف خود اپنے خاندان بلکہ ملکی معیشت کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، اس پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا ۔

چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہاکہ آئی ٹی کے شعبہ کو وست دینے کے لیے معتدد پروگرام شروع کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے لیے آئی ٹی ، سکل ڈویلپمنٹ اور زراعت کے شعبہ میں بڑے مواقعے ہیں ۔ نیوٹیک ، ٹیوٹا سے ملکر نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں مہارتیں فراہم کر رہاہے ، ان مہارتوں سے استفادہ کرنے والے نوجوان دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں ، نوجوانوں کو دنیا کی مانگ کے مطابق ہنر مند بنائیں گے اور تعلیم اور تربیت فراہم کریں گے ، ان نوجوانوں کو دیگر ممالک کی زبانیں بھی سکھائی جائیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں ای گیمنگ کے فروغ کے تناظر میں اس کی ایسوسی ایشن قائم کی جائے گی ، ملک میں ای گیمنگ چیمئپن شپ منعقد کی جائے گی ، پاکستانی نوجوان ای گیمنگ کے شعبہ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں ان کی صلاحیتوں کونکھارنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں قومی کھیل بھرپور انداز میں منعقد کئے جائیں گے ، پاکستان آئندہ سال سیف گیمز کی میزبانی کرے گا ، سیف گیمز کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے ٹریننگ کیمپس منعقد کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں ثقافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ، مقامی دستکاریوں کے فروغ کے لیے یونیورسٹی اور صوبائی محکموں کے تعاون سے ہر ممکن اقدامات کریں گے ، اس حوالے سے نمائشیں بھی منعقد کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اس حولے سے کمیپن کی جائے گی ، اسلام آباد میں سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی ، فوڈ سپاٹس بنائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑے کرنے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ، ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا اور مہنگائی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ، نوجوانوں پر بھروسہ کر کے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔ پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ قائم کر کے اس کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلایا جائے گا، دانش سکول کا دائرہ بھی پورے ملک میں پھیلایا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ہاکی سمیت 12 کھیلوں پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ، پی ایس ایل کی طرز پر ہاکی لیگ منعقد کی جائے گی ۔\932