پشاور،اپوزیشن اراکین کا مخصوص نشستوں پرحلف نہ لینے پر وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سامنے احتجاج کا اعلان

اپوزیشن ممبران وزیر اعلیٰ ہاو¿س کے سامنے جمع ہوں گے اور ممکنہ طور پر افطار بھی وزیر اعلیٰ ہاو¿س کے سامنے کرینگے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 5 اپریل 2024 11:57

پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اپریل2024 ء) خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے مخصوص نشستوں پرحلف نہ لینے پر وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سامنے احتجاج کا اعلان کر دیا،اپوزیشن اراکین کے احتجاج میں اے این پی، جے یو آئی، ن لیگ،پاکستان پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پی کے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران شرکت کریں گے۔اپوزیشن ممبران وزیر اعلیٰ ہاوٴس کے سامنے جمع ہوں گے اور ممکنہ طور پر افطار بھی وزیر اعلیٰ ہاوٴس کے سامنے کرینگے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دو روز قبل کہا تھا کہ کسی بھی طور ہماری نشستوں پر اسمبلی رکن بننے والی اپوزیشن جماعتوں کی خواتین اور اقلیتی ارکان کو حلف اٹھانے نہیں دیاجائے گا اور اس سلسلے میں آخری حد تک مزاحمت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پشاور میں پارٹی کے پارلیمانی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن نے ایک بار آئین توڑا اور سینٹ الیکشن ملتوی کیا، جمہوری کہلوانے والی پارٹیوں نے ہماری نشستوں پرشب خون ماراہے لیکن مخصوص نشستوں پرحلف لینے نہیں دینگے۔

ہم کسی بھی طور نئے ان ارکان کو حلف نہیں لینے دینگے کہ جو ہماری نشستوں پر آئے ہیں کیونکہ یہ نشستیں ان کی نہیں بنتیں۔ان کا کہنا تھاکہ احتجاج ہم نہیں بلکہ وہ جعلی لوگ کرینگے جو ہماری نشستوں پرآئے ہیں جبکہ سپیکر نے انکوائری بھی شروع کردی ہے کہ غیرمنتخب افراد کیسے ایوان میں آئے کیونکہ بغیر حلف کے نہ تو وہ رکن ہیں اور نہ ہی وہ ایوان کے اندر آسکتے ہیں۔یاد رہے کہ پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لینے کا حکم دیا تھا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا تھاکہ سپیکر ممبران کو رول آف ممبرز پر دستخط کی اجازت دے اور مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی بھی اجازت دی جائے۔