ہماری عید اس دن ہوگی جس دن کشمیر اور فلسطین آزاد ہوگا،حافظ طاہر محمود اشرفی

جمعہ 5 اپریل 2024 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک بھرمیں یوم فلسطین منایا جارہا ہے،فلسطین ہمارے دل کے اندر اور ہماری روح ہے، فلسطینیوں پر ظلم و ستم ختم ہونا چاہئے ، فلسطین ایک خود مختار ریاست ہے جس کا دارالخلافہ القدس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزگرینڈ جامعہ مسجد بحریہ ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ آج عالم اسلام کے ساتھ پاکستان میں بھی خطبات جمعہ میں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے، پاکستان میں بھی تمام عالم فکر کے علماء ، خطباء اور مشائخ نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور مظلوم فلسطینیوں کیلئے جمعہ کے خطبات میں خصوصی دعائیں کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطینی بچوں کو پانی بھی پہنچانے کی اجازت نہیں جبکہ اسرائیلیوں کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات ایک وڈیو آئی جس میں حرمین شریفین میں جھنڈا لہرایا جارہا تھا،حرم شریف اللٰہ کا گھر اور وہاں امن ہے ،یہ سعودی عرب کے قوانین اور شرعی احکام کے خلاف ہے، عمرہ زائرین کو حرمین شریفین کے تقدس کا پاس اور حرم پاک میں سیاسی سرگرمیوں سے پرہیز کرنا چاہئے،اگر آپ کو کسی سے محبت ہے تو اس کے لیے دعا کریں ۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عید پر صاحب ثروت خفیہ طریقے سے مستحقین کی مدد کریں،ہماری عید اس دن ہوگی جس دن کشمیر اور فلسطین آزاد ہوگا،فلسطین ہمارے دل کے اندر اور ہماری روح ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم و ستم ختم ہونا چاہئے ، فلسطین ایک خود مختار ریاست اور اس کا دارالخلافہ القدس ہے، خدا کرے کہ اگلہ جمعہ ہم سب مسجد اقصیٰ میں ادا کریں، او آئی سی کو فوری طور پر کوئی ایسا موقف اپنانا چاہئے جس سے اس مسئلے کے حل کی طرف ہم آگے بڑھیں۔انہوں نے کہاکہ عید کے بعد بھی پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے امدادی سامان فلسطینیوں بھائیوں کیلئے بھیجا جائے گا۔