وزیراعلی سندھ نے خلیجی ممالک و جرمن سرمایہ کاروں کو سندھ میں منافع بخش سرمایہ کاری کرنے کی دعوت

جمعہ 5 اپریل 2024 21:20

وزیراعلی سندھ نے خلیجی ممالک و جرمن سرمایہ کاروں کو سندھ میں منافع ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے خلیجی ممالک اور جرمنی کے سرمایہ کاروں کو صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری پر غور کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور سمندری راستوں کے ذریعے دنیا سے جڑے ہونے کے ناطے تجارت کے فروغ کیلئے ایک مثالی مقام بھی رکھتا ہے اس لئے سرمایہ کار سندھ میں اپنی سرمایہ کاری پر بہترین منافع کی توقع کر سکتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے جرمن قونصل جنرل مسٹر روڈیگر لوٹز، قطر کے قونصل جنرل مسٹر نائف شاہین اور عمان کے قونصل جنرل انجینئر سمیع عبداللہ الخنجاری سے وزیراعلی ہائوس میں ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعلی نے کہا کہ انکی حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے خلیجی ممالک میں روڈ شو کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

عمان کے سفیرانجینئرسمیع عبداللہ الخنجاری نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو مسلسل تیسری بار وزیراعلی سندھ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعلی نے روانی اور درست طریقے سے اردو بولنے پر سفیر کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلی نے پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور تجویز پیش کی کہ دونوں ممالک کو تجارت اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمان دیگر دور دراز ممالک سے مختلف اشیا درآمد کرتا ہے اور پاکستان اور عمان کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کیلئے راہ ہموار کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

مزید برآں، وزیراعلی نے سرمایہ کاروں کو کراچی آنے کی دعوت دی اور سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ منصوبوں پر بات کرنے کیلئے محکمہ سرمایہ کاری سے اجلاس کریں۔ انہوں نے سفیر کو یہ بھی بتایا کہ صدر آصف زرداری نے گوادر اور عمان کے درمیان ایک پل کی تعمیر کی تجویز پیش کی ہے تاکہ تجارت اور عوام کے درمیان رابطے کو بہتر بنایا جا سکے۔ قطر: وزیر اعلی اور قطر کے قونصل جنرل مسٹر نائف شاہین نے بھی ملاقات میں سرمایہ کاری اورتجارت پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلی نے کہا کہ قطر ایک برادر مسلم ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔ انھوں نے قطر کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ایک علیحدہ محکمہ سرمایہ کاری ہے جو انہیں تمام تر سہولیات فراہم کرے گا اور ان شعبوں کا اشتراک کرے گا جہاں سرمایہ کاری کے کافی مواقع ہیں۔ قونصل جنرل نے وزیراعلی کو یقین دلایا کہ وہ ایک تجارتی وفد اور سرمایہ کاروں کو مواقع تلاش کرنے کیلئے یہاں لائیں گے۔

جرمنی: وزیراعلی سندھ نے صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انکی حکومت صوبے میں کاروبار کرنے میں آسانی کے حوالے سے عالمی بینک کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کام کرنے والی جرمن کمپنیوں نے اچھا منافع حاصل کیا ہے اور میں جرمن سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دینا چاہتا ہوں۔ جرمن قونصل جنرل مسٹر روڈیگر لوٹز نے کہا کہ جرمن سرمایہ کاروں کا ایک وفد جون میں کراچی کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سندھ انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ساتھ انکی ملاقاتیں طے کی جارہی ہیں تاکہ ان سے فوائد اٹھانے کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔