کراچی سے گرفتار لیاری گینگ وار کے بھتہ خور کا دورانِ تفتیش اہم انکشافات

ملزم نے گزشتہ روز دوران ڈکیتی شہری مزمل کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا، ملزم کا موبائل ڈیٹا بھی حاصل کرلیا،ڈی آئی جی ساؤتھ

جمعہ 5 اپریل 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) لیاری گینگ وار کے گرفتار ملزم آصف چکنا نے دورانِ تفتیش پولیس کے سامنے اہم انکشافات کر دیئے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم آصف چکنا لیاری گینگ وار کمانڈر بھتہ خور بہادر پی ایم ٹی کا کارندہ ہے، بغدادی پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم آصف کو گرفتار کیا تھا۔ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا کے مطابق ملزم نے گزشتہ روز دوران ڈکیتی شہری مزمل کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا، ملزم کا موبائل ڈیٹا بھی حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی سائوتھ نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے، ملزم آصف چکنا، شفیع پی ایم ٹی پولیس، سرکاری اداروں کے اہلکاروں کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ڈی آئی جی اسد رضا نے بتایا کہ شفیع پی ایم ٹی نے اپنے والد گینگ وار کمانڈر بہادر پی ایم ٹی و دیگر کو تصویریں، لوکیشن شیئرکردی تھیں، ملزمان نے بلوچستان کے ٹارگٹ کلرز کیساتھ ملکر لیاری میں قتل کرنا تھا۔ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا نے بتایا کہ ملزمان اقدام قتل، ڈکیتی بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں، گروہ تاجروں سے بھتہ خوری اور خوف پھیلانے کیلئے فائرنگ کرتا تھا۔