Live Updates

ٹی ٹی پی جو نہ کرسکی وہ 9 مئی کو ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا

سیاسی فاشزم بھی دہشتگردی کی شکل اختیار کر رہی ہے، معیشت کی بحالی اور خوشحالی کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ لازمی تقاضا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 اپریل 2024 19:36

ٹی ٹی پی جو نہ کرسکی وہ 9 مئی کو ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل 2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی جو نہ کرسکی وہ 9 مئی کو ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا، سیاسی فاشزم بھی دہشتگردی کی شکل اختیار کر رہی ہے، 9 مئی کو سیاسی دہشت گردی کے نتائج کو دنیا بھر نے دیکھا، 9 مئی کی وجہ سے عدم استحکام کی صورتحال پیدا ہوئی، معیشت کی بحالی اور خوشحالی کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ لازمی ہے۔

پی ایم ایل این ایکس پر جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بشام واقعہ میں چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی گئی۔ پنجاب میں ترقیاتی پراجیکٹ پر کام کرنے والوں چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی پالیسی پر مؤثر عمل درآمد پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

سی پیک پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ماہرین کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکورٹی پر  بھی اتفاق کیا گیا۔ جمعتہ الوداع کے حوالے سے ملک وقوم کی سلامتی اور امن و ترقی کے لئے دعا کی گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے ہم سب ایک پیج پر ہیں ۔ دہشت گردی پیچیدہ وار فیئر کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان آرمی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے کردار کو سراہتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ امن وامان کے لئے تمام شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ملک وقوم کے تحفظ و سلامتی کے لئے کوشاں ہر فرد کو سلام پیش کرتی ہوں۔ شہداء کے بہادر اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ اے پی ایس سانحے کےبعد تشکیل پانے وا لے نیشنل ایکشن پلان کی افادیت کو دنیا نے تسلیم کی۔

نیشنل ایکشن پلان کو اپ گریڈ کرنا ہے اور موجودہ لوپ ہولز ختم کرنے ہیں، مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ بہت بڑا چیلنج ہے، سیاسی فاشزم بھی دہشتگرد ی کی شکل اختیار کر رہا ہے، 9 مئی کو سیاسی دہشت گردی کے نتائج کو دنیا بھر نے دیکھا، ٹی ٹی پی جو نہ کرسکی وہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا۔  سیاستدان کی حیثیت سے برے حالات اور مشکلات سے گزرتے ہوئے بھی کبھی 9 مئی جیسے واقعہ کا خیال تک نہیں آیا ۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی بات آتی ہے تو ہر جیز پس منظر میں چلی جاتی ہے۔ 9 مئی کی وجہ سے پیدا شدہ غیر یقینی اور عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ کار ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، معیشت کی بحالی اور قومی خوشحالی کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ لازمی تقاضا ہے، دہشت گرد ی اور سمگلنگ روکنے کے لئے 24/7 صوبائی سرحدوں پر چیک پوسٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، مریم نواز نے کہاکہ دہشت گردوں اور سمگلروں کے لئے راستے کھلے نہیں رکھ سکتے۔

سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی برین واش کرنے کا سدباب ناگزیر ہے۔ سوشل میڈیا پر ملک وقوم کے مفادات کے تحفظ کے لیے بل جلد پیش کیا جائے گا، عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے لئے سپیشل سپیڈی ٹرائل کورٹ بنا رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کو جدید ٹیکنالوجی، اے آئی کے استعمال، بہترین ٹریننگ، جدید اسلحے اور انٹیلی جنس نظام کو مزید اپ گریڈ کریں، دہشت گردی کے سدباب کے لئےجدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اشتراک کار اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ پنجاب میں دہشت گردی کے سدباب کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں، سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے ملکر قابل تحسین کام کررہے ہیں، پنجاب کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا چیلنچ بھی درپیش ہے۔ میٹنگ میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا اور دیگر اعلی عسکری حکام نے شرکت کی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات