پاکستانی نژاد عثمان خان پرپانچ سالہ پابندی، امارات کرکٹ بورڈ

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 6 اپریل 2024 17:00

پاکستانی نژاد عثمان خان پرپانچ سالہ پابندی، امارات کرکٹ بورڈ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 06 اپریل 2024ء) متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے نگران ادارے امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستانی نژاد بلے باز عثمان خان کے اس خلیجی ریاست میں کرکٹ کھیلنے پر پانچ سال کی پابندی لگا دی ہے۔ اس بورڈ نے جمعہ پانچ اپریل کے روز بتایا کہ عثمان خان نے پاکستان کی قومی ٹیم کی طرف سے کرکٹ کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

عثمان خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کاکول کی فوجی اکیڈمی میں لگائے گئے قومی تربیتی کیمپ میں بھی شرکت کی اور یوں انہوں نے امارات کرکٹ بورڈ کے حوالے سے ''خود پر عائد ہونے والی ذمہ داریوں‘‘ کی خلاف ورزی کی۔

آرمی ٹریننگ کیمپ میں 29 پاکستانی کرکٹر حصہ لیں گے

اس وقت 28 سالہ عثمان خان نے حال ہی میں ایک غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ ملتان سلطانز کی ٹیم کے ایک رکن کے طور پر کھیلا تھا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل میں ان کی بہت اچھی کارکردگی کے بعد پاکستانی سلیکٹرز کی نظریں ان پر ہیں اور اسی پس منظر میں ان پر یہ الزام عائد کیا گیا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ای سی بی کے ایک بیان میں کہا گیا، ''مکمل تفتیش کے بعد پتہ چلا کہ عثمان خان نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے لیے کھیلنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں ای سی بی کے سامنے غلط بیانی کی۔

انہوں نے ای سی بی کی طرف سے ان کو فراہم کردہ مواقع اور ترقی کا استعمال دوسرے امکانات تلاش کرنے کے لیے کیا۔‘‘

امارات کرکٹ بورڈ کے مطابق، ''عثمان خان نے اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس وجہ سے ان کی اس بورڈ سے منظور شدہ کرکٹ کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں کونسلوں اور اکیڈمیوں کے زیراہتمام مقامی مقابلوں میں شرکت پر بھی پانچ سال کی پابندی ہو گی۔

‘‘

پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا

اس پانچ سالہ پابندی کا مطلب یہ ہے کہ عثمان خان دو ہزار انتیس تک متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے دو بڑے مقابلوں ٹی ٹوئنٹی لیگزاور ابوظہبی میں ٹی ٹین لیگ میں شامل نہیں ہو سکین گے۔

ای سی بی نے مزید کہا کہ عثمان خان نے اس سال ILT20 میں یو اے ای کے ایک مقامی کھلاڑی کے طور پر حصہ لیا اور انہوں نے ای سی بی کے ساتھ ایک سالہ معاہدہ بھی کر رکھا تھا۔

امارات کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق، ''یہ معاہدہ انہیں تحفظ فراہم کرنے اوران کی اہلیت کا معیار پورا کرنے کے لیے کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں عالمی کرکٹ میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کرنے کی اجازت ملی تھی۔‘‘

بھارت نے پاکستانی نژاد انگلش کرکٹر شعیب بشیر کا ویزا جاری کردیا

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو اس سال جون میں کریبیین کے خطے اور امریکہ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں سے قبل گیارہ ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلنا ہیں۔ اس کے علاوہ رواں ماہ کے آخر سے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے عثمان خان کا نام پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ارکان میں شامل کیے جانے کا امکان بھی ہے۔

ف ن/م م (اے پی)