گیاری سیکٹر کے سانحہ کے شہداء کو 12 ویں برسی پرخراج عقیدت پیش

اتوار 7 اپریل 2024 17:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2024ء) قوم نے اتوار کو گیاری سیکٹر کے سانحہ کے شہداء کو اس کی 12 ویں برسی پرخراج عقیدت پیش کیا اور 7 اپریل 2012 کو سیاچن گلیشیئر میں ایک بڑے برفانی تودے کی زد میں آنے کے بعد فوجیوں کے المناک نقصان کو یاد کیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کی نیوز ریلیزکے مطابق سانحہ میں ناردرن لائٹ انفنٹری (این ایل آئی) بٹالین کا ہیڈ کوارٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ وہاں موجود افراد میں سے کسی کو بھی زندہ نہیں بچایا جا سکا کیونکہ فوجی یونٹ پر برفانی تودہ گرنے سے 129 فوجی شہید ہو گئے تھے۔

غیر ملکی ریسکیو ٹیموں نے اس مشن کو ناممکن قرار دیا تھا لیکن پاک فوج بالخصوص انجینئرز کور نے اس مشن کو بڑی ہمت اور بہادری سے پورا کیا۔شہداء کی یاد میں یادگار شہداء کو یادگار کے طور پر سیاچن کی بلند چوٹی پر تعمیر کیا گیا تھا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج پوری قوم گیاری سیکٹر کے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، گیاری کے شہداء کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔