Live Updates

مشیر سیاحت نے چترال میں اپریل تا جولائی تین مزید ثقافتی و سیاحتی میلوں کے انعقاد کی منظوری دیدی

9عمران خان نے سیاحت کے حوالے سے خیبرپختونخوا کو عالمی پہچان دی ہے اسلئے حالیہ سیزن میں ریکارڈ سیاحوں کی آمد اور ریونیو میں واضح اضافہ متوقع ہے۔ زاہد چن زیب

اتوار 7 اپریل 2024 21:25

ؤپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت اور آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے عیدالفطر کے موقع پر تخت بھائی ٹرین سفاری چلانے کے بعد چترال بالا و زیریں کے پرفضا علاقوں میں اپریل تا جولائی اگلے چار مہینوں کے دوران تین مزید شاندار ثقافتی اور تفریحی میلوں کے انعقاد کی منظوری دیدی ہے۔

ان میں چترال بالا کی تحصیل مستوج میں جشن قاقلشت، چترال زیریں کی وادی کیلاش میں مذہبی تہوار چلم جوش اور اپر چترال میں دنیا کے بند ترین پولوگراونڈ پر عظیم الشان پولو ٹورنامنٹ و فیسٹیول کا انعقاد شامل ہیں۔ اس مرتبہ یہ تاریخی اور روایتی میلے خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام باقاعدہ سرکاری سرپرستی میں منعقد ہوں گے اور اس مقصد کیلئے درکار فنڈز اور سپانسرز کا بندوبست بھی کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں مشیر سیاحت کی زیرصدارت کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹوریٹ پشاور میں اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری سیاحت محمد بختیار، ڈی جی ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مذکورہ ثقافتی میلوں کیلئے درکار وسائل، سیکورٹی، سہولیات، انفراسٹرکچر، مواصلات، ٹریفک انتظامات اور دیگر پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔

اس موقع پر زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ سیاحت سے صوبہ کی آمدن اور معیشت میں واضح بہتری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی مدبرانہ کمان میں پی ٹی آئی کی مسلسل تیسری بار عوامی حکومت قائم ہونے کے بعد عیدالفطر کے ساتھ ہی شروع ہونے والے سیزن میں اتنی زیادہ تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے جو سابقہ تمام ریکارڈ توڑے گی کیونکہ انکے پارٹی سربراہ عمران خان نے سیاحت کے حوالے سے خیبرپختونخوا کو عالمی پہچان دی ہے لہذا محکمہ سیاحت کے ساتھ ساتھ سیاحتی علاقوں کی ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ، پولیس، شہری دفاع اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو فعال کردار ادا کرنے کیلئے فوری کمربستہ ہو جانا چاہئے۔

انہوں نے ٹورازم اتھارٹی کو یہ بھی ہدایت کی کہ سیاحوں کی سہولت کیلئے مناسب وقفوں سے راستوں میں بھی سائن بورڈز، واش رومز اور صاف پانی کے بندوبست کے علاؤہ ہوٹلز اور ریسٹ ہاؤسز کی رجسٹریشن اور معیاری خدمات کی نگرانی اپنے ہاتھ میں لے اور ٹورازم پولیس کے علاؤہ دیگر تمام اداروں کو اس مقصد کیلئے بھرپور انداز میں فعال بنائے جبکہ وہ خود بھی انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی جاری رکھیں گے اور کسی بھی بھی شکایت یا بے ضابطگی کا سخت ترین نوٹس لیکر ذمہ داران کی سرزنش سے گریز نہیں کریں گے۔

اجلاس میں تینوں سالانہ تہواروں کے انتظامات پر سیر حاصل بحث کے بعد انہیں حتمی شکل دی گئی اور انکے انعقاد کی تاریخوں کا تعین بھی کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت نے مشیر سیاحت زاہد چن زیب کو بتایا کہ جشن قاقلشت 2 ہزار سال سے زائد قدیم تاریخی فیسٹیول ہے جو ہر سال موسم بہار کی آمد پر اپریل کے مہینے میں منایا جاتا ہے۔

سطح سمندر سے 7 ہزار بلندی پر واقع تحصیل مستوج میں منعقد ہونے والے جشن قاقلشت میں مختلف وادیوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اور کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔ مشیر سیاحت نے جن ایونٹس کی منظوری دی ان میں پولو سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے، شب موسیقی، مقامی رقص و کلچرل شو اور روایتی کھانوں کے سٹالز قابل ذکر ہیں۔ کھیلوں میں رسہ کشی، خصوصی افراد کے سپورٹس مقابلے، سکیٹ شوٹنگ، میراتھن ریس، والی بال، کرکٹ، ارچری و شوٹنگ، فٹبال، ہاکی، بیڈمنٹن، پیرا گلائیڈنگ، ٹیبل ٹینس اور پولو شامل ہیں۔

اسی طرح چلم جوش فیسٹیول کا آغاز چترال لوئر کی وادی کیلاش میں 13 مئی کو ہو گا جس میں کیلاش کی وادیوں بمبوریت، رمبور اور بریر سے ہزاروں مرد و خواتین شریک ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس پانچ روزہ جوشی تہوار کے دوران سیاحوں کی سہولت کیلئے دیر اپر اور چترال لوئر میں خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے سیاحت سہولت سنٹر بھی قائم کئے جائیں گے جو دن رات چوبیس گھنٹے کھلے رہینگے اور یہاں وادی کیلاش کا رخ کرنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ہر قسم کی معلومات اور خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ چترال اپر کی خوبصورت وادی شندور میں تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کا آغاز 7 جولائی کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں چترال لوئر و اپر کی ٹیمیں گلگت بلتستان کی نامزد کردہ ٹیموں کے مدمقابل ہوں گی۔

اجلاس میں فیسٹیول میں شرکت کیلئے آنے والے ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے استقبال اور مہمان نوازی کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔ اس تین روزہ فیسٹیول کی افتتاحی اور اختتامی تقریب کیلئے مہمانان خصوصی کا تعین اور انہیں باضابطہ مدعو کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کیلئے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کی روایتی موسیقی پر مشتمل محفل موسیقی کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات