غزہ، اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید 30 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ جنگ21ویں صدی کی سب سے زیادہ تباہ کن جنگوں میں سے ایک ہے اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے ملبے کا ڈھیر بنے گھروں کی شناخت مشکل ہوگئی

منگل 9 اپریل 2024 10:25

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے مزید 30 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق چارماہ کی پٴْرتشدد اسرائیلی کارروائیوں کے بعد وسطی خان یونس سے اسرائیلی فوج نے انخلا شروع کر دیا جس کے بعد فلسطینیوں کی بھی اپنے گھروں کو واپسی ہورہی ہے ۔تاہم اسرائیلی بمباری سے ملبے کا ڈھیر بنے گھروں کی شناخت مشکل ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو 6 ماہ مکمل ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ21ویں صدی کی سب سے زیادہ تباہ کن جنگوں میں سے ایک بن چکی ہے، اس جنگ کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہری شہید اور زخمی ہوئے جبکہ غزہ کی 17 لاکھ آبادی (کل آبادی کا 70 فیصد) کو نقل مکانی کرنی پڑی۔اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں خوراک سمیت بنیادی ضروریات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ بنیادی شہری انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوگیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 13 ہزار سے زائد تعداد بچوں کی ہے۔دوسری جانب اسرائیل نے جنگ روکنے اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے انخلا سے انکار کر دیا ہے۔