حکومتی اتحاد چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت کیلئے جے یو آئی کے پاس پہنچ گیا

ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے وفد نے جمعیت علماءاسلام (ف)کے سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اوریوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے اورتعاون کی درخواست کی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 9 اپریل 2024 10:46

حکومتی اتحاد چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت کیلئے ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 اپریل2024 ء) چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت حاصل کرنے کیلئے حکومتی اتحاد جے یو آئی (ف)کے پاس پہنچ گیا،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے وفد نے جمعیت علماءاسلام (ف)کے سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔حکومتی وفد میںوفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،نوید قمر اور شیری رحمان جبکہ جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے سینیٹر مولانا عطاءالرحمان، مولانا عطاءالحق درویش، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور سینیٹر دلاور خان موجود تھے۔

ملاقات میں حکومتی وفد نے جے یو آئی سے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے اورتعاون کی درخواست کی۔حکومتی وفد اور جمعیت علماءاسلام (ف)کے درمیان ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مستقبل میں تعاون بڑھانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

سینیٹ کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں 43 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھالیا جبکہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بھی آج ہی ہو گا، اجلاس کی صدارت پریذائیڈنگ آفیسر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کررہے ہیں۔اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد پریذائیڈنگ آفیسر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیاگیا، دونوں آئینی عہدوں کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار سیکرٹری سینیٹ سے کاغذات وصول کرنے کے بعد دوبارہ جمع کرائیں گے۔

کاغذات منظور ہونے کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست جاری کرے گا جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے سیکرٹ ووٹنگ ہوگی، ایوان میں سادہ اکثریت سے دونوں عہدوں کا چناو¿ کیا جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ رات چیئرمین سینیٹ کے امیدواریوسف رضاگیلانی نے اراکین قومی و سینیٹ کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا تھا جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے سینیٹرز نے شرکت کی تھی۔افطار ڈنر میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بھی شریک ہوئے تھے ۔افطار ڈنر کے موقع پر چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی اور نمبرگیم پر مشاورت کی گئی تھی۔