حکومتی اتحاد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا اعلان کردیا

چیئرمین سینیٹ کے لیے حکومتی اتحاد کے امیدوار پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی ہیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 اپریل 2024 11:25

حکومتی اتحاد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا اعلان کردیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2024ء ) حکومتی اتحاد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحاد کی جانب سے مسلم لیگ ن کے سیدال خان ناصر کو سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے لیے امیدوار نامزد کیا گیا ہے، سیدال خان ناصر بلوچستان سے مسلم لیگ ن کے کارکن ہیں، مسلم لیگ ن نے سیدال خان ناصر کے لیے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے فارم بھی حاصل کر لیے ہیں جب کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے حکومتی اتحاد کے امیدوار پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت حاصل کرنے کیلئے حکومتی اتحاد نے جے یو آئی ف سے بھی ووٹ دینے کی درخواتس کی ہے، اس حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے وفد نے جمعیت علماءاسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، حکومتی وفد میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، نوید قمر اور شیری رحمان شامل تھیں، جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے سینیٹر مولانا عطاءالرحمان، مولانا عطاءالحق درویش، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور سینیٹر دلاور خان موجود تھے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ملاقات میں حکومتی وفد نے جے یو آئی سے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے اورتعاون کی درخواست کی، حکومتی وفد اور جمعیت علماءاسلام ف کے درمیان ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مستقبل میں تعاون بڑھانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ سینیٹ کے نو منتخب اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا ہے، سینیٹ اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کیا گیا ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بطور پریزائیڈنگ افسر نو منتخب سینیٹرز سے حلف لیا، سینیٹ میں پیپلزپارٹی کے 18، مسلم لیگ (ن) کے 14، جے یوآئی کے 3، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 2، ایم کیوایم پاکستان، اے این پی اور نیشنل پارٹی کے ایک ایک رکن سینیٹرنے حلف اٹھایا، 3 آزاد نومنتخب ارکان نے بھی بطور سینیٹر حلف اٹھالیا جس کے بعد ارکان نے رول آف ممبرز پر دستخط کیے۔