ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سروسز بحال ہونا شروع ہوگئیں

ملک بھر میں آج صبح انٹرنیٹ کی سروسز معطل ہوئی تھیں، انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی کوئی وجہ سامنے نہ آ سکی، انٹرنیٹ میں خلل بظاہر اندرونی معاملہ ہے،ذرائع ٹیلی کام

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 9 اپریل 2024 13:39

ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سروسز بحال ہونا شروع ہوگئیں
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 اپریل2024 ء) ملک بھر میں آج صبح انٹرنیٹ کی سروسز معطل ہوئی تھیں جس کے بعد اب کچھ علاقوں میں سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں،انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی کوئی وجہ سامنے نہ آ سکی۔میڈیا رپو رٹس کے مطابق ذرائع ٹیلی کام آپریٹرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انٹرنیٹ میں خلل بظاہر اندرونی معاملہ ہے۔پی ٹی اے ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ میں خلل کی ایک وجہ سب میرین کیبل کا متاثر ہونا بھی ہوتا ہے۔

انٹرنیٹ معطلی اور بحالی کی ذمہ داری پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ٹیلی کام آپریٹرز کی ہوتی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل 8فروری کو بھی عام انتخابات کے موقع پر بھی ملک بھر میں عام انتخابات کے دوران پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل اور انٹرنیٹ سروس بند ہوگئی تھی ۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے ملک بھر میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل سروس عارضی طور پر معطل کردی تھی جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں انٹرنیٹ کی سروس بھی متاثر ہوئی تھی، اس کے ساتھ ہی تمام موبائل نیٹ ورکس، فور جی انٹرنیٹ بند کردیا گیا تھا۔اس حوالے سے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اسی لیے امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں بند ہونے والی موبائل سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئیں تھیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہاتھا کہ جلد پورے ملک میں موبائل سروسز بحال ہو جائیں گی۔وزارت داخلہ کے اعلان کے بعد اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موبائل فون کے سگنلز بحال ہونا شروع ہوگئی تھیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جب کہ امن وامان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔