ملک میں بہت بحران ہے، میرا مقصد ہے ڈائیلاگ کراؤں، یوسف رضا گیلانی

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کو مسترد کیا اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا۔ چیئرمین سینیٹ کا اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 اپریل 2024 15:57

ملک میں بہت بحران ہے، میرا مقصد ہے ڈائیلاگ کراؤں، یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2024ء ) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں بہت بحران ہے، اس صورتحال میں میرا مقصد ہے پل بناؤں اور ڈائیلاگ کراؤں۔ بطور چیئرمین سینیٹ اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے قائدِ عوام کے جوڈیشل مرڈر کا اعتراف کیا، ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بار الیکشن کرائے جو واحد صاف و شفاف الیکشن قرار پائے، سینیٹ اور ارکان کے وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، سینیٹ وفاق کے اتحاد کا مظاہرہ کرتی ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھٹو نے اتفاقِ رائے قائم کیا اور آئین مرتب کیا، اس وقت ملک میں بہت بحران ہے اور سب سے زیادہ بڑا بحران نفرت اور تقسیم پیدا کرنا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کو مسترد کیا اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا اس لیے میرا مقصد ہے پل بناؤں اور ڈائیلاگ کراؤں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھایا، پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے اپنی نشست سنبھالی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر سے بھی حلف لیا، نو منتخب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تمام سینیٹرز کو عید کی پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی لیڈر شپ اور اتحادی جماعتوں کا مشکور ہوں، میں تمام ممبران کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کی کروں گا، سینیٹ فیڈریشن کی علامت ہے۔

ادھر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات جمہوری عمل کا تسلسل ہیے، امید ہے آپ آئین کی سربلندی اور ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے، امید ہے کہ آپ عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے موثر قانون سازی میں بھر پور کردار ادا کریں گے، وفاقی اکائیوں کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کی پاسداری کیلئے سینیٹ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔