سینیٹ میں اسحاق ڈار کو قائد ایوان مقرر‘ تحریک انصاف نے سینیٹر علی ظفر قائدحزب اختلاف

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے سیدال خان ناصر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھالیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 اپریل 2024 16:47

سینیٹ میں اسحاق ڈار کو قائد ایوان مقرر‘ تحریک انصاف نے سینیٹر علی ظفر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اپریل۔2024 ) وزیراعظم شہبازشریف نے سینیٹ میں اسحاق ڈار کو قائد ایوان مقرر کردیا ہے نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار کی بطور قائد ایوان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا. 14 مارچ کو مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے پاکستان کے 39ویں وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالا تھا یہ پہلا موقع ہے کہ اسحاق ڈار نے وزیر خارجہ کا منصب سنبھالا ہے ورنہ اس سے قبل وہ ہمیشہ وزیر خزانہ یا اس سے متعلقہ امور کے ہی ذمے دار رہے.

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) اسحاق ڈار کو ایک بار پھر وزیر خزانہ ہی بنانا چاہتی تھی لیکن پیپلز پارٹی کی مخالفت پر انہیں یہ عہدہ نہیں سونپا گیا اور ان کی جگہ محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ بنا دیا گیا پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے کی کھل کر مخالفت کی تھی. انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سے وزیر خزانہ کے نام پر بات چیت کریں گے، میں نہیں سمجھتا کہ ڈار صاحب معیشت کو بچا سکیں گے کیونکہ انہوں نے ہی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے اس سے قبل نگران وزیر خزانہ کے لیے بھی مسلم لیگ(ن) نے اسحاق ڈار کا نام تجویز کیا تھا لیکن پیپلز پارٹی نے اس موقع پر بھی ان کی مخالفت کی تھی.

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹر علی ظفر کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بنانے کے لیے درخواست چیئرمین سینیٹ کو جمع کرادی ہے تحریک انصاف کے وفد نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی. تحریک انصاف کے سینیٹر عون عباس بپی نے بتایا کہ اپوزیشن نے 19 اراکین کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی ہے واضح رہے کہ آج پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے سیدال خان ناصر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھالیا ہے.