پولو گرائونڈ میں نماز عید صبح آٹھ بجے ادا کی جائے گی

منگل 9 اپریل 2024 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) بلدیہ عظمی کراچی کے زیر انتظام شہر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح (پولو گرائونڈ) میں منعقد ہوگا، جہاں نماز عید صبح آٹھ بجے ادا کی جائے گی، مولانا محمد احمد سلیمی امامت کے فرائض انجام دیں گے۔ یہ قدیمی اور روایتی اجتماع 1958سے پولوگرائونڈ میں منعقد کیا جا رہا ہے، ا س سال پولو گرائونڈ میں نماز عید کے لئے بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، اسلامی ملکوں کے سفارتکار، سابق اور موجودہ وفاقی و صوبائی وزرا، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، بلدیاتی اداروں کے سربراہان، سٹی کونسل ممبران، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے سربراہان اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد پولو گرائونڈ میں نماز عید ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت کے مطابق پولوگرائونڈ آنے والے شہریوں کے لئے وضو کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی کے حوالے سے بھی سخت انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، عید گاہ کے اطراف جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا، نمازیوں کو خوش آمدید کہنے کے لئے مرکزی دروازے کے سامنے پھولوں سے گیٹ تیار کیا گیا ہے، عید کی صبح نماز سے قبل عیدگاہ اور اس کے اطراف خوشبو کا اسپرے کیا جائے گا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اس موقع پر کہا کہ عید مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار ہے اور روزے داروں کے لئے یہ اللہ کا بہت بڑا انعام ہے، ہمیں غربا اور مساکین کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے تاکہ اس تہوار کو اسلام کے اصولوں کے عین مطابق منایا جاسکے۔