عیدالفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کے لئے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 12 اپریل 2024 11:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپریل کے مہینے میں گزشتہ ماہ کی نسبت 3 روپے 82 پیسے کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ڈالر ریٹ پر انحصار ہوتا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج ایکسچینج ریٹ اور روپے کی قدر مستحکم ہے۔

نگران دور میں بھی روپے کی قدر مستحکم رہی، اگر حالات میں اسی طرح بہتری رہی تو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی مالیاتی جریدے بھی کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بلومبرگ نے بھی کہا ہے کہ دو فیصد مہنگائی میں کمی ہوئی ہے جبکہ بلومبرگ نے پیشنگوئی کی ہے کہ اگلے سال مہنگائی مزید کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اشاریئے سامنے آ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کے خلاف اقدامات اٹھا رہی ہے، بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے بہترین حل سامنے لا رہی ہے۔