فلسطین کی تحریک مزاحمت حماس کے سربراہ جناب اسماعیل ہانیہ کے ساتھ انکے تین بیٹوں ،پوتوں کی شہادت پر تعزیت

شہداء کے خون نے آزادی کی تحریک کو مہمیز دی ہے،شہادتیں اور قربانیاں آزادی کی جدوجہد کو مزید تقویت دیں گی‘ لیاقت بلوچ

جمعہ 12 اپریل 2024 13:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے فلسطین کی تحریک مزاحمت حماس کے سربراہ جناب اسماعیل ہانیہ کے ساتھ ان کے تین بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ جناب اسماعیل ھنیئہ کے اہل خانہ کو اسرائیل نے کل عید کے دن غزہ میں میزائل سے نشانہ بنایا تھا جب وہ ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔

لیاقت بلوچ نے حماس کے سربراہ کے نام تعزیتی خط میں کہا ہے کہ آپ کا خاندان اس سے قبل بھی آزادء فلسطین کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کر چکا ہے اور آپ نے ذاتی طور سے قربانیاں پیش کرکے ایک عظیم مثال قائم کی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ صہیونیوں کی جانب سے سولین آبادی کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ذہنی طور سے شکست کھا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اہل غزہ نے صبر اور استقامت کی ایک بے مثال تاریخ رقم کی ہے اور شہداء کے خون نے آزادی کی تحریک کو مہمیز دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہادتیں اور قربانیاں آزادی کی جدوجہد کو مزید تقویت دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آپ کے دکھ میں شریک ہے۔ پاکستانی قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے ہم آپ سے اور آپ کے پورے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے کارکنان مسجد اقصی کے تحفظ کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار ہیں۔