وزیراعلیٰ ہاؤس میں عید ملن پارٹی کا اہتمام، مختلف قونصل جنرلز کی مراد علی شاہ سے ملاقات

جمعہ 12 اپریل 2024 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے مختلف قونصل جنرلز نے ملاقات کی اورعید مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ ترجمان وزیراعلی ہائوس کے مطابق جمعہ کووزیراعلی ہاؤس میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیراعلی سندھ سے مختلف ممالک کے قونصل جنرلز نے عید الفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا۔وزیراعلی نے قونصل جنرلز کا عید ملنے کیلئے آنے پر شکریہ ادا کیا۔

عید ملن پارٹی میں وزیراعلی اور قونصل جنرلز کے درمیان عید کے تہوار پر گفتگو ہوئی۔قونصل جنرلز نے کراچی میں عید کے تہوار کو بہترین انداز میں منانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں ہر طرف عید کی خوشیاں ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنا نظر آتاہے۔ اس موقع پر غیر مسلم ممالک کے سفارتکاروں نے عید کو محبتیں بانٹنے کاتہوار قرار دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عید پر ہمیں دوست مسلم سفارتکاروں نے کھانے اور مٹھایاں بھیج کر خوشیوں میں شامل کیا۔

انہوں نے کہا کہ روزہ خود پر ضبط، اللہ پاک کی خوشنودی اور غربا کا احساس دلاتا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے مہمانوں کی تواضع میٹھی سویاں، شیرخورمہ، مٹھائیاں اور چائے سے کی۔عید ملنے والوں میں سری لنکا، قطر، یونائیٹڈ عرب امارات،انڈونیشیا، تھائی لینڈ، ایران ، فرانس، جرمنی، جاپان، ملائیشیا، روس، امریکا،چائنا ، کوویت، بحرین، اومان اور افغانستان کے قونصل جنرلز شامل تھے۔