کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل کی مظلوم فلسطینیوں کے لئے دعائیہ تقریبات

یورپی ملکوں سے تمام اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنے اور غزہ میں عالمی امن فوج بھیجنے کی اپیل غزہ میں معصوم بچے بھوک سے بلک رہے ہیں، اسپتالوں میں مریض تڑپ رہے ہیں، عادل جارج مٹو

جمعہ 12 اپریل 2024 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل ( سی آر ڈی سی ) کی اپیل پر عید الفطرکے روز کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور، فیصل آباد سمیت ملک بھر کے گرجا گھروں میں غزہ کے مظلوم عوام کو اسرائیلی افواج کے مظالم سے تحفظ کے لیے دعائیہ تقریبا ت کا اہتمام کیا گیا، دعائیہ تقریبات میں یورپی ممالک کی جانب سے اسرائیلی مظالم پر مذمت اور اسرائیل کو ظلم سے روکنے کے لیے یورپی ممالک کے اقدامات کا خیر مقدم کیا گیا، اس سلسلے کی مرکزی تقریب کا اہتمام اختر کالونی کراچی کے گرجا گھر میں کیا گیا، مرکزی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل کے چیئرمین عادل جارج مٹو نے کہا کہ غزہ کے مظلوم شہریوں پر اسرائیلی افواج کے ہولناک مظالم پر عالم انسانیت خون کے آنسو رو رہی ہے مگر اسرائیل کے سفاک حکمرانوں کے دل میں ذرا بھی ترس نہیں آرہا ہے، روز بروز اسرائیلی حکمرانوں کی سفاکیت بڑھتی جارہی ہے، دعائیہ تقریب میں اسرائیلی افواج کے مظالم بیان کرتے ہوئے کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل کے چیئرمین عادل جارج مٹو آبدیدہ ہوگئے، انہوں نے بھرائی ہوئی آواز میں کہا کہ اسرائیلی حکمرانوں کے حکم پر بلا امتیاز اسپتالوں، مساجد، گرجا گھروں اور شہری آبادیوں کو بھی فضائی بمباری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، غزہ کا کوئی بھی مقام شہریوں کے پناہ لینے کے لیے محفوظ نہیں رہا ہے، غزہ میں مصوم بچے دودھ نہ ملنے پر بھوک سے بلک رہے ہیں، اسپتالوں میں دوائیں نہ ملنے پر مریض تڑپ رہے ہیں، اسرائیلی افواج اور عوام فلسطینیوں کے لیے امدادی سرگرمیوں میں مزاحمت کررہے ہیں اور امدادی رضا کاروں کو جان سے مارنے کی کوششوں میں رہتے ہیں، اسرائیلی مظالم نے عالم انسانیت بھی شرمندہ کردیا ہے، غزہ میں اسرائیلی قتل غارت گری انسانی تاریخ کا سب سے بڑا قتل عام ہے، کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل کے چیئرمین عادل جارج مٹو نے یورپی ملکوں، امریکہ، برطانیہ اور اقوام متحدہ سے مظلوم فلسطینیوں کو تحفط دینے کے لیے فوری فوجی مداخلت کرتے ہوئے غزہ میں عالمی امن فورس کا مشترکہ دستہ اتارنے اور یورپی ممالک سے تمام اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔