حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے صاحبزادوں، پوتوں اور دیگر تمام شہدائے غزہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

جماعت اسلامی کے قائدین، مقامی رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی

جمعہ 12 اپریل 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) قائم مقام امیر جماعت لیاقت بلوچ کی اپیل پر ملک کے مختلف شہروں اور دیہاتوں کی مساجد میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے صاحبزادوں، پوتوں اور دیگر تمام شہدائے غزہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ ان مواقعوں پر اہل فلسطین کی کامیابی اور مسجد اقصیٰ کی صہیونی قبضہ سے آزادی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

جماعت اسلامی کے قائدین، مقامی رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق لیاقت بلوچ نے کوئٹہ کے مدرسہ دارالارشاد، جامع مسجد چمن پھاٹک میں غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔ لیاقت بلوچ نے نماز جنازہ کے بعد عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا خاندان اس سے قبل بھی آزادء فلسطین کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کر چکا ہے اور اب اسماعیل ہنیہ کے صاحبزادوں اور پوتوں نے قربانیاں پیش کرکے ایک عظیم مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ صہیونیوں کی جانب سے سویلین آبادی کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ذہنی طور سے شکست کھا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل غزہ نے صبر اور استقامت کی مثال قائم اور تاریخ رقم کی ھے، شہداء کے خون نے آزادی کی تحریک کو مزید تیز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اہل غزہ فلسطین کے شہدا اور اسماعیل ہانیہ کے خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔

پاکستانی قوم کی نمائندگی کرتے ھوئے ہم سب جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے اسماعیل ہنیہ اور ان کے پورے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے کارکنان مسجد اقصی کے تحفظ کے لئے ھر قربانی کے لئے تیار ھیں۔منصورہ میں غائبانہ نماز جنازہ مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے پڑھائی۔ نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ ادریس نے اہل فلسطین کی جدوجہد کو خراج تحسین پیشں کیا اور کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب فلسطین آزاد ہوگا اور امت کامیاب و کامران ہوگی۔ اسماعیل ہانیہ کا خاندان عزیمت کے پہاڑ ثابت ہوئے ہیں ان کے خاندان اور غزہ فلسطین کے مسلمانوں نے قربانیاں دے کر جو استقامت دکھائی ہے انشاء اللہ اللہ کی نصرت و مدد اہل فلسطین کو ظالم اسرائیل کے مقابلے میں فتح سے دوچار کریگی انہوں نے کہا ہم اسماعیل ہانیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بیٹوں پوتوں کی شہادت پر کہا میرے تین بیٹے نہیں ہزاروں بیٹوں پوتوں پوتیوں بیٹیوں بہنوں بزرگوں نے شہادتیں پیش کیں ہیں اور ہم سب شہدا کے وارث ہیں۔

ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ اہل فلسطین کے قربانیوں اور شہادتوں کی تاریخ رقم کی ہے، وہ استقامت کا پہاڑ بن کر اسرائیلی مظالم کا مقابلہ کرہے ہیں۔ لیاقت بلوچ کی اپیل پر اسلام آباد کی مساجد جامعہ مسجد عثمانیہ، سنگ جانی، جامعہ مسجد عبداللہ بن مسعود، مرکز تعلیم و تحقیق گلشن تعلیم، مسجد طوبی آج ای الیون ، ابوبکر مسجد بی بلاک سواں گارڈن، الخیر مسجد سی بلاک سواں گارڈن، جامعہ مسجد الہدی اہل حدیث پی ڈبلیو ڈی، جامع مسجداہلحدیث عثمان بن عفان سی بی آر ٹاؤن نزد رازی ہسپتال، جامع مسجد اقصیٰ ارسلان ٹاؤن، جامع مسجد البدر، ترلائی، جامع مسجد باب السلام, مین کہوٹہ روڈ، ہردوگہر، جامع مسجد تعلیم السلام, لوہی بھیر اعوان، جامع مسجد زبیدہ, نیشنل پولیس فاؤنڈیشن، جامع مسجد الھدیٰ، ایف سیون، لاہور، گجرانوالا، فیصل آباد، ملتان، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، سکھر اور کراچی سمیت ملک کی دیگر مساجد میں بھی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔