Live Updates

اپوزیشن اتحاد نے تحریک کا نام تحریک تحفظ آئین رکھ دیا

تحریک تحفظ آئین کا صدر محمود اچکزئی کو نامزد کردیا گیا، تحریک تحفظ آئین کی رابطہ کمیٹی بھی تشکیل دیں گے، تمام جلسے ایکشن پلان کے تحت ہوں گے،اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں اتفاق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 اپریل 2024 23:07

اپوزیشن اتحاد نے تحریک کا نام تحریک تحفظ آئین رکھ دیا
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 اپریل 2024ء) اپوزیشن اتحاد نے تحریک کا نام تحریک تحفظ آئین رکھ دیا ہے، تحریک تحفظ آئین کا صدر محمود اچکزئی کو نامزد کردیا گیا، فارم 47 کی بنی حکومت کو رد کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 6 جماعتوں کے اپوزیشن اتحاد کا کوئٹہ میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں عمر ایوب ، اخترمینگل ، محمود اچکزئی، لیاقت بلوچ ، ودیگر شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہمارا اتحاد بننے جارہا ہے آج دوسری میٹنگ تھی، فارم 47 کی بنی حکومت کو رد کرتے ہیں، جہاں قانون کی پاسداری نہ ہووہاں خوشحالی نہیں ہوتی،تحریک کا نام تحریک تحفظ آئین رکھا گیا ہے، ہم ایک ملک میں دو قوانین کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں ،اپوزیشن کی تحریک کا صدر محمود خان اچکزئی کو نامزد کررہے ہیں، تحریک تحفظ آئین کی رابطہ کمیٹی بھی تشکیل دے رہے ہیں، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام جلسے ایکشن پلان کے تحت ہوں گے، بلوچستان میں کل دو جلسے کرنے جارہے ہیں، عمر ایوب نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں آئے دن بجلی مہنگی ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ شوریٰ اجلاس کے بعد حتمی مئوقف سامنے رکھیں گے، اس اجلاس کے اعلامیہ سے ہمارا اتفاق ہے، عوام کو دیوار سے لگا دیا اور مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جارہا۔ اس سے قبل قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ پارٹی ختم ہوجائیگی، یہ ان کی خام خیالی تھی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف کوئی مواد نہیں، ہم تاریخ کی سب سے مضبوط اپوزیشن ہیں، ہم پیچھے ہٹنے والوں میں سے نہیں۔

میں خود بھی روپوش رہا، پرویزالہی اور دیگر رہنماؤں کو جیل میں ڈالا گیا۔ کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ہمارے لوگوں کیساتھ کیا کچھ نہیں کیاگیا، ہمارامشن آئین اورقانون کی بالادستی ہے، ہمیں کیوں دیوار سے لگایاگیا، ہم چاہتے ہیں کہ ملک مضبوط ہو۔ الائنس ایک پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہے کہ سب آئین و قانون کا احترام کریں، آئین و قانون کسی کو پسند ہو یا نہ ہو یہ رائج الوقت ہے، آئین و قانون کی بالادستی ہوگی تو سرمایہ کاری، تجارت، ترقی ہوگی۔

عمرایوب کا مزید کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کار ہمارے دور میں بلوچستان میں سولر انرجی کا منصوبہ لگارہے تھے، اس وقت پی ڈی ایم ٹو حکومت بنائی گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے جنوبی بلوچستان کیلئے خصوصی پیکیج دیاتھا، بلوچستان کیلئے پیکیج کو پایہ تکمیل تک پہنچایاجاناچاہیے تھا۔تمام جھوٹے اپنے اپنے جھوٹ اور فریب کے جال میں پھنس چکے ہیں اور اب ان کے پاس بھاگنے کی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات نے ایک بار پھر عمران خان کو سچا ثابت کر دیا ہے۔عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ عدلیہ ہمارے ساتھ انصاف کریگی اور ٹرائل کورٹ کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کر نے کا حکم دیگی۔ہمارے ساتھ جو ناانصافیوں ہوئی اب اس کے ازالے کا ٹائم آگیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات