ایران کا اسرائیل پر حملے کا خدشہ، بھارتی ایئرلائن کا ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز

ہفتہ 13 اپریل 2024 16:00

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا نے ایرانی فضائی حدود کا استعمال بند کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز نے ہفتہ کی صبح ایرانی فضائی حدود کا استعمال کرنے سے گریز کیا اور طویل راستہ اختیار کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق ذرائع نے بتایا تھا کہ یورپ جانے والی ایئر انڈیا کی تمام پروازوں کو اب منزل تک پہنچنے میں 2 گھنٹے کا اضافی وقت لگ سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مشرق وسطی کے لیے ایئر انڈیا کی پروازیں متاثر نہیں ہوں گی کیونکہ وہ ایرانی فضائی حدود کے جنوب سے پرواز کرتی ہیں۔دوسری جانب ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکا نے مشرق وسطی میں 2 جنگی بحری بیڑے تعینات کردیے ہیں۔امریکی صدر پہلے ہی ایران کی جانب سے اسرائیل پر جلد حملے کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔امریکی صدر جوبائیڈن کے مطابق امکان ہے ایران اسرائیل پر جلد حملہ کرے گا۔