سرگودھا، اس وقت پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور حکومت کی اولین ترجیح توانائی کے بحران کو حل کرناہے،رکن پنجاب اسمبلی میاں اکرام الحق

ہفتہ 13 اپریل 2024 16:45

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں اکرام الحق نے کہا کہ اس وقت پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور حکومت کی اولین ترجیح توانائی کے بحران کو حل کرناہے۔زرائع کے مطابق سرگودھا سے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی میاں اکرام الحق نے عید ملن پارٹی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں قوم نے مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دے کر یہ ثابت کردیا تھا کہ وہ سازشی عناصر کا خاتمہ کے ساتھ مخلص قیادت کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے پرعزم ہی نہیں بلکہ سنجیدگی سے کوشاں ہے۔ اس وقت پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لیے بحثیت قوم ہمیں متحد ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا تمام اختلافات کو بالائیطاق رکھ کر اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کراجتماعی سوچ کو فوقیت دینا ہوگی تاکہ اقوام عالم میں بحیثیت پاکستانی مثالی قوم کے طورپر سامنے آسکیں۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی نے کہا ہے حکومت کی اولین ترجیح پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنا ہے اور بہت جلدملک میں قدرتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے توانائی کے ذرائع کو استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے تمام قدرتی وسائل سے مالا مال کررکھا ہے ضرورت انہیں استعمال کرنے کی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت اس جانب سنجیدگی سے عمل پیرا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ تھر کے کوئلہ کو استعمال میں لا کر توانائی کے ذرائع پیدا کیے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت گیسی فیکیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے کوئلے سے توانائی حاصل کرنے کے منصوبے پرغور کررہی ہے جسے ماضی کی حکومتوں نے پس پشت ڈال دیا تھا۔ جب بھی مسلم لیگ ن کو اقتدار ملا اس نے ہمیشہ ملکی سالمیت اور ترقی کی راہ اپنائی اور عملی اقدامات کیے۔اسی سوچ کے تحت مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں ملک میں موٹرویز کے جال بچھائے جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے حلقہ کی عوام کویقین دلایا کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور وہ ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے۔