ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے دیامر بھاشا ڈیم میں کام کرنے والے چائینز اور غیر ملکی انجینئرز کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائیں، حاجی گلبر خان

اتوار 14 اپریل 2024 14:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے دیامر بھاشا ڈیم میں کام کرنے والے چائینز اور غیر ملکی انجینئرز کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔ پاکستان کی خوشحالی کیلئے اہم منصوبوں کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک دشمن عناصر سازشیں کرسکتے ہیں۔

لہٰذا جدید خطوط پر چائینز کی سکیورٹی کیلئے انتظامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے دیامر بھاشا ڈیم کی سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ واپڈا سکیورٹی سسٹم کو بہتر اور موثر بنانے کیلئے چیئرمین واپڈا سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ واپڈا کے سکیورٹی ملازمین کی بہتر ٹریننگ اور جدید ہتھیار فراہم کئے جاسکے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان سکاؤٹس، پولیس، انتظامیہ اور دیگر اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر دیامر کو ہدایت کی کہ شتنگ نالہ اور ہڈر نالہ کے مقام پر روڈ کی وجہ سے گھروں کو ہونے والے نقصانات کاازالہ کیا جائے اور تعمیراتی کام مکمل ہونے تک رہائشیوں کو متبادل جگہے پر منتقل کیا جائے۔