دیامر بھاشا ڈیم پرکام کرنے والے چائینز اور غیر ملکی انجینئرز کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنائینگے ، وزیراعلی گلگت بلتستان

اتوار 14 اپریل 2024 18:45

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیکورٹی چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے دیامر بھاشا ڈیم میں کام کرنے والے چائینز اور غیر ملکی انجینئرز کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنائینگے ، پاکستان کی خوشحالی کیلئے اہم منصوبوں کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک دشمن عناصر سازشیں کرسکتے ہیں۔

لہذا جدید خطوط پر چائینز کی سیکورٹی کیلئے انتظامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے دیامر بھاشا ڈیم کی سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ واپڈا سیکورٹی سسٹم کو بہتر اور موثر بنانے کیلئے چیئرمین واپڈا سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ واپڈا کے سیکورٹی ملازمین کی بہتر ٹریننگ اور جدید ہتھیار فراہم کئے جاسکے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان سکاٹس، پولیس، انتظامیہ اور دیگر اعلی آفیسران نے شرکت کی۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر دیامر کو ہدایت کی کہ شتنگ نالہ اور ہڈر نالہ کے مقام پر روڈ کی وجہ سے گھروں کو ہونے والے نقصانات کاازالہ کیا جائے اور تعمیراتی کام مکمل ہونے تک رہائشیوں کو متبادل جگہ پر منتقل کیا جائے۔