مودی کا تیسری بار منتخب ہونے پر مزید ملازمتوں، بہتر انفرااسٹرکچر کا وعدہ

اتوار 14 اپریل 2024 18:55

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) بھارت میں عام انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہونے سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا ہے کہ بھارتیا جنتا پارٹی(بی جے پی) کے تیسری بار منتخب ہونے پر وہ بیروزگاری اور انفرااسٹرکچر جیسے دیرینہ مسائل حل کرنے کے علاوہ ویلفیئر پروگرامز کو توسیع دیں گے۔غیر ملکی میڈیارپورٹ کے مطابق بھارت میں عام انتخابات کا مرحلہ وار آغاز 19 اپریل کو ہوگا اور 7 مرحلوں کے بعد بالآخر یکم جون کو کامیاب امیدوار کا فیصلہ ہوجائے گا۔

73 سالہ نریندر مودی 10 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر ایک مرتبہ پھر انتخابات میں میں جیت کیلئے سب سے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں جہاں وہ شاندار معاشی ترقی، انفرااسٹرکچر اور ویلفیئر کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ جارحانہ ہندو قوم پرست پالیسی کے لیے شہرت رکھتے ہیں البتہ سرویز کے مطابق بیروزگاری، مہنگائی اور دیہی پسماندگی جیسے مسائل بھارتی وزیراعظم کے لیے سب سے بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنی پارٹی کی جانب سے منشور کے اجرا کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ ان کا محور توقیر و معیارِ زندگی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے ذریعے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ منشور کا دائرہ کار انفرااسٹرکچر، ایوی ایشن، ریلویز، الیکٹرک گاڑیوں، گرین انرجی، سیمی کنڈکٹرز، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں میں ملازمتوں کے گرد گھومتا ہے۔نریندر مودی فلاحی کاموں میں بھی توسیع چاہتے ہیں تاکہ 70 سال سے زائد عمر کے شہریوں کا ہیلتھ انشورنس سے احاطہ کیا جا سکے۔اس کے علاوہ ان کے دیگر اقدامات میں قرضوں کے حصول کے خواہشمند افراد کو آسان قرضوں، مفت گھر و اناج وغیرہ کی فراہمی شامل ہے۔