[مرکزی مسلم لیگ کا شہدائے غزہ کانفرنس کا اعلان

اتوار 14 اپریل 2024 20:05

K کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2024ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا شہدائے غزہ کانفرنس کا اعلان۔ شہدائے غزہ کانفرنس 21 اپریل اتوار کے روز شاہراہ قائدین پر منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس میں شہر بھر سے لاکھوں افراد فیملیز سمیت شرکت کریں گے۔ شہدائے غزہ کانفرنس میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں اور فلسطین میں شہید ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔

اس بات کا فیصلہ شاہراہ فیصل پر واقع مرکزی مسلم لیگ ہاؤس میں ذمہ داران اور کارکنان کے اعزاز میں دیے گئے عید ملاقات ڈنر کے موقع پر کیا گیا۔ عید ملاقات میں نائب صدر فیصل ندیم ، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان رہنما امجد اسلام امجد ، انجینئر نعمان علی موجود تھے۔شہدائے غزہ کانفرنس کے حوالے سے نائب صدر فیصل ندیم نے کہا کہ اسرائیل صرف فلسطینیوں کا قاتل نہیں بلکہ پوری انسانیت کا دشمن ہے۔

(جاری ہے)

غزہ کے عوام صرف جگہ کے لیے جنگ نہیں کر رہے بلکہ مسجد اقصیٰ کی بقا کے لیے جنگ کر رہے ہیں۔ہزاروں شہداء کے باوجود نہ فلسطینی قیادت کے حوصلے پست ہوئے ہیں اور نہ ہی فلسطینی عوام پیچھے ہٹنے کو تیار ہیں۔ بحیثیت مسلمان ہمارا فرض بنتا ہے کہ قبلہ اول کی حفاظت کے لیے اہل غزہ و فلسطین کا ساتھ دیں۔اس موقع پر فیصل ندیم نے مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران خواہ کوئی مؤقف اختیار کریں اور اہل غزہ کو بھول جائیں۔

لیکن عوام نہیں بھولیں گے اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں، خواتین، بچوں، بزرگوں اور حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل و امریکا کی مذمت جاری رکھیں گے۔کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے شہدائے غزہ کانفرنس کو عالم اسلام کی نمائندہ کانفرنس بنانے کیلیے ذمہ داران اور کارکنان میں اہداف تقسیم کیے۔ اس سلسلے میں شہر بھر میں بھر پور تشہیر کی جائے گی۔ کیمپس لگائے جائیں گے ، کارنر میٹنگز ، دعوتی پروگرامات بھی کیے جائیں گے۔ احمد ندیم اعوان نے اہلیان کراچی سے درخواست کی کہ 21 اپریل کو شاہراہ قائدین پر جمع پر کر اہل غزہ سے یکجہتی کا اظہار کریں۔