پی پی149سے آزاد امیدوار رانا محمد اکرم شعیب صدیقی کے حق میں دستبردار ہو گئے

اتوار 14 اپریل 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی149سے آزاد امیدوار رانا محمد اکرم نے مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی کے مشترکہ امیدوار شعیب صدیقی کے حق میں دستبردار ہونے اور ان کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کر دیا ۔ اتوار کو یہاں مسلم لیگی رہنما و سابق ایم پی اے چوہدری شہباز کی موجودگی میں آزاد امیدوار رانا محمد اکرم نے شعیب صدیقی سے ملاقات کی اور ایک دوسرے کو پھولوں کے ہار پہناتے ہوئے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ 21 اپریل اہم ترین فیصلے کا دن ہے جس سے اس علاقے کی تعمیر و ترقی کی راہ متعین ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عبدالعلیم خان گزشتہ 22 سالوں سے اسی حلقہ میں سرگرم عمل ہیں،انہوں نے اسمبلی میں ہونے یا نہ ہونے سے قطع نظر اس حلقے کی خدمت جاری رکھی ہے۔

(جاری ہے)

شعیب صدیقی نے کہا کہ 21 اپریل کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے اور ان شااللہ 8 فروری سے زیادہ بھاری مینڈیٹ کے ساتھ یہاں کے عوام عقاب پر مہریں لگائیں گے اور عبدالعلیم خان کے حق میں فیصلہ دیں گے۔

مزید برآں پی پی149کے مختلف علاقوں میں انتخابی سرگرمیاں زوروں پر ہیں، گڑھی شاہو، اچنت گڑھ، باجا لائن،گوشت مارکیٹ، مغل پورہ، انجینئرنگ یونیورسٹی، جی ٹی روڈ اور دیگر جگہوں پر مختلف کارنر میٹنگز کا انعقاد ہوا جہاں شعیب صدیقی، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور سابق بلدیاتی عہدیداران نے خطاب کیا۔