اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ نے ملک کو غریب کیا ہوا ہے، آصف زرداری

ہمارے نصیب میں نہیں لکھا کہ پاکستان غریب ملک ہے، پاکستان کو ہر قسم کی دولت اللہ نے دی ہوئی ہے، ہمارے پاس دماغ کی کمی ہے، ہمیں سب کچھ سوچنا اور سمجھنا ہو گا۔ صدر مملکت کا جلسہ عام سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 اپریل 2024 20:50

اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ نے ملک کو غریب کیا ہوا ہے، آصف ..
لاڑکانہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اپریل 2024ء ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان غریب ملک نہیں ہے، اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ نے ملک کو غریب کیا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے نصیب میں نہیں لکھا کہ پاکستان غریب ملک ہے، پاکستان کو ہر قسم کی دولت اللہ نے دی ہوئی ہے، ہمارے پاس دماغ کی کمی ہے، ہمیں سب کچھ سوچنا اور سمجھنا ہوگا، تاریخ میں کچھ لوگوں نے ملک کا نقصان کیا جو آج بھی برداشت کر رہے ہیں۔

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہبی بی شہید نے مجھے پیپلزپارٹی کا چیئرمین بنایا تھا، کچھ دوست سمجھتے تھے کہ میں پارٹی کو نہیں چلا سکوں گا، میں ہر کام سوچ سمجھ کر کرتا ہوں تاکہ ملک کو نقصان نہ ہو، عوام کا نقصان ملک کا نقصان ہے اور ملک کا نقصان ہمارا ہے، اب پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی طاقت سے صدر بنا ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی 40 سال سے لڑ رہی ہے، ہم ملک کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے۔

(جاری ہے)

اسی جلسہ عام سے خطاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی قوتوں سے اپیل کرتاہوں ہوش کے ناخن لیں، سیاستدان سیاست کے دائرے کار میں رہتے ہوئے سیاست کریں، دھرنا دھرنا کھیلنے کی بجائے میز پر بات کریں اور عوام کو نقصان نہ پہنچائیں، آج بھی کچھ سیاستدان ایسے ہیں جو پی این اے پارٹ 2 لانا چاہتے ہیں، کچھ سیاستدان ملک اور عوام کی قسمت سے کھیلتے ہیں، کچھ سیاستدان دوبارہ سازش کررہے ہیں، ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، دھرنا دھرنا کھیلنے کی بجائے میز پر بات کریں اور عوام کو نقصان نہ پہنچائیں، ایک دوسرے کے خلاف گالم گلوچ کی سیاست سے پاکستان کی ترقی نہیں ہوگی ، گالم گلوچ کی سیاست سے جمہوریت اور عوام کا نقصان ہوگا، پیپلزپارٹی کی تجویز ہے تمام جماعتیں قومی مصالحت کے چارٹر پر کام کریں ، ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے پیپلزپارٹی کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو نے ملک کو آئین دیا ، عوام کو ووٹ کی طاقت دی، شہید ذوالفقار بھٹو نے کسانوں کو زمین دی ، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، سپریم کورٹ سے ثابت ہوگیا کہ قائد عوام سے نا انصافی ہوئی اور فیئر ٹرائل نہیں ملا، ذوالفقار بھٹو کے کیس میں جیت ہر جمہوریت پسند کی جیت ہے، آج بھی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہیں، ذوالفقار علی بھٹو شہادت کے 45 سال بعد بھی قبر سے حکومتیں بنا اور گرا رہے ہیں، اس وقت پاکستان کے دو صوبوں میں جیالے وزیر اعلٰی ہیں، آصف علی زرداری دوسری بار صدر منتخب ہوئے ہیں۔