پشین جلسے میں اپوزیشن قائد جمعیت کے خلاف نازیبا نعروں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، مولانا عبدالرحمن رفیق

اتوار 14 اپریل 2024 21:45

q کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2024ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سنئیر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ نائب امیر مولانا محمد ایوب ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ سالار حافظ سید سعداللہ آغا حاجی صالح محمد مولانا محمد عارف شمشیر مولانا مفتی نیک محمد فاروقی اور دیگر نے 13اپریل کو پشین میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسے میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے خلاف نازیبا نعروں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشین جلسے میں قائد جمعیت کے خلاف نازیبا نعرے ہمارے صوبے کا کلچر نہیں،میزبان جماعت کی خاموشی پشتون روایات کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

ممتاز سیاسی رہنماؤں محترم محمود خان اچکزئی اور سردار اختر جان مینگل کی موجودگی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے نازیبا نعرے باعث شرمندگی ہیں۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے روز اول سے 2018 کی طرح 2024کے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے سب سے پہلے تحریک چلانے کا اعلان کیا لیکن افسوس کی بات ہے اپوزیشن کے سب سے بڑے رہنماء جو پی ڈی ایم کے سربراہ رہے اور ان کی عظیم جدوجہد کی بدولت ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوئیں ان کے خلاف پشین کی سرزمین پر نازیبا نعرے اپوزیشن نہیں اسٹیبلشمنٹ کی خوشنودی کیلئے لگائے گئے جس کی جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ضروری تھا کہ دوران جلسہ میزبان جماعت کے اسٹیج سیکرٹری اسی وقت ان نعروں سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے مخصوص اور غیر مہذب تربیت کے حامل پارٹی کارکنوں کو منع کرتے مگر ایسا نہیں کیا گیا جس سے تمام جمہوری کارکنوں اور پشین کے عوام کی دل آزاری ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو شائستگی کے ساتھ اپنی رائے کے اظہار کا حق ہے مگر بازاری طرز پر کسی کی ذات کے متعلق بے ہودہ نعروں کی سیاست نے ملک کی سیاست کو نفرتوں کی بھینٹ چڑھا کر نسل نو کو گمراہ کیا گیا، جس کا خمیازہ آج مہذب خاندان بھگت رہے ہیں۔