ن لیگ نے اقلیتی نشست جے یو آئی (ف)کو دینے کیخلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجو ع کرلیا

درخواست میں الیکشن کمیشن، سپیکرصوبائی اسمبلی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے،، اقلیت کی مخصوص نشست ن لیگ کا حق ہے،درخواست گزار کا موقف

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 15 اپریل 2024 12:36

ن لیگ نے اقلیتی نشست جے یو آئی (ف)کو دینے کیخلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجو ..
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل2024 ء) خیبرپختونخواہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مخصوص اقلیتی نشست کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا،مسلم لیگ ن نے جے یو آئی کو ملنے والی مخصوص اقلیتی نشست کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔پشاور ہائیکورٹ میں درخواست میں الیکشن کمیشن، سپیکرصوبائی اسمبلی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

دائر درخواست میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ کو اقلیت کی مخصوص نشست سے محروم کیا، اقلیت کی مخصوص نشست ن لیگ کا حق ہے، ن لیگ نے خیبرپختونخوا میں 5 سیٹیں جیتیں، 2 نے بعد میں شمولیت اختیارکی۔درخواست گزار نے اپنے موقف میں کہا کہ جس پارٹی نے 5 جنرل سیٹیں جیتی ہوں اقلیت کی مخصوص نشست اسی کا حق ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں یہ بھی موقف اپنایا گیا کہ جے یو آئی اور ن لیگ کے 7، 7 ممبران ہیں، اس لئے مخصوص نشست پر ٹاس ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے پر سپیکر و ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پشاور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ شازیہ تہماس خان و دیگر منتخب اراکین کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھاکہ عدالتی احکامات کے باوجود نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہیں لیا گیاتھا۔

درخواست میں مزید کہا گیا تھاکہ اراکین اسمبلی کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ کا حق نہیں دیا گیاتھا۔اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی تھی۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور دونوں کو توہینِ عدالت پر نااہل قرار دیا جائے۔یادرہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے حلف سے مشروط کئے تھے۔