Live Updates

مریم نواز کی ڈرامہ بازیوں کا سلسلہ جاری، روٹی اور آٹے کی قیمتیں کم کرنا نیا دکھاوا ہے، بیرسٹر سیف

وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈرامہ بازی اور اس کی ہدایتکاری کون کررہا ہے ہمیں علم ہے۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 اپریل 2024 12:54

مریم نواز کی ڈرامہ بازیوں کا سلسلہ جاری، روٹی اور آٹے کی قیمتیں کم کرنا ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل 2024ء ) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں روٹی اور آٹے کی قیمتیں کم کرنا پنجاب حکومت کا نیا دکھاوا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جعلی فارم 47کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ڈرامہ بازیوں کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب کی شہزادی مریم نواز انتظامیہ کو احکامات ایکس پر دے رہی ہیں، محترمہ نے عوام اور پنجاب کے کسانوں کو لوٹنے کا نیا پلان تیار کر لیا۔

بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ 20 کلو آٹے کی قیمت کم کرنا ہو یا گندم 500 روپے کی کمی کرکے محترمہ دکھاوا کررہی ہے، سیزن میں گندم ریٹ کم کرکے پنجاب میں کسانوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، مریم نواز کی ڈرامہ بازی اور اس کی ہدایتکاری کون کررہا ہے ہمیں علم ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے روٹی کی قیمت میں 4 روپے کمی کرتے ہوئے صوبے میں روٹی کی نئی قیمت مقرر کی ، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت کم کرکے 16روپے مقرر کردی ہے، اس متعلق پنجاب کے تمام اضلاع اور متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی ہیں، اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے روٹی و نان کی نئی قیمت کا نوٹی فکیشن جاری کیا، ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جاری نوٹیفکیشن میں100 گرام روٹی کی قیمت 16 روپے اور 120 گرام نان کی نئی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے، نوٹیفیکیشن پنجاب نگرانی قیمت برائے اشیاء ضروریہ آرڈینینس کے تحت جاری کیا گیا، جس کے تحت ضلع بھر میں روٹی نان کی قیمت کا اطلاق فی الفور ہوگا، گندم کی بہتر فصل، رسد اور قیمت کے پیش نظر محکمہ خوراک کی سفارش پر نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے۔

بعد ازاں صوبہ پنجاب کے تندور مالکان نے روٹی اور نان کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا، صدر نان بائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی نے کہا کہ پنجاب حکومت سبسڈی دے تو روٹی کی قیمت کم کرنے کو تیار ہیں، اس وقت فائن آٹا، میدہ کی بوری کی قیمت 12 ہزار 200 روپے ہے، عام آٹا فی بوری کی قیمت 11 ہزار 600 روپے ہے، گیس اور بجلی پر حکومت کوئی سبسڈی نہیں دے رہی، نان بائی ایل پی جی گیس استعمال کرتے ہیں اس صورتحال میں روٹی کی قیمت کیسے کم کریں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات