پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے انتخابی نتائج کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کردیا

پیر 15 اپریل 2024 16:58

پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے انتخابی نتائج کو الیکشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے انتخابی نتائج کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کردیا۔این اے 46 اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار عامر مغل نے انتخابی نتائج کو ٹربیونل میں چیلنج کیاجبکہ این اے 47 اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار شعیب شاہین نے انتخابی نتائج کو چیلنج کردیا ہے۔

ان کے علاوہ این اے 48 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار علی بخاری نے انتخابی نتائج کو ٹربیونل میں چیلنج کیا ہے۔امیدواروں نے مؤقف اپنایا کہ 8 فروری کو انتخابات کے نتائج میں تبدیلی اور دھاندلی کی گئی، امیدواروں نے استدعا کی کہ مسلم لیگ (ن) کے کامیاب قرار دیے گئے ممبر قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 13 اپریل کو بلوچستان کے ضلع پشین میں اپوزیشن اتحاد نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ہونے والے جلسے میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اعلان کر دیا تھا۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قرارداد پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کیسیکریٹری اطلاعات عبدالرحیم زیارت وال نے پیش کی، قرارداد میں کہا گیا کہ اپوزیشن اتحادکاجلسہ عوام کی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد ہے، ہم عوام کی حقوق کے حصول کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اپوزیشن اتحاد کے جلسے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج کے خلاف 6 جماعتی اتحاد قائم کیا گیا ہے، محمود خان اچکزئی کو تحفظ آئین پاکستان تحریک کا سربراہ منتخب کیا گیا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ راتوں رات انتخابی نتائج کو تبدیل کیا گیا، اگر نتائج صحیح ہوتے تو مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی، اگر آئین کی بالادستی ہوتی تو قیدی نمبر 804 آج جیل میں نہ ہوتے۔