پاکستان اورعلاقائی ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ

پیر 15 اپریل 2024 17:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان اورعلاقائی ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔پی بی ایس کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چین، بنگلہ دیش، نیپال، مالدیپ اورافغاستان سمیت علاقائی ممالک کوپاکستان برآمدات کاحجم 2.912 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا14.7 فیصدبنتاہے،اسی مدت میں پاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم 20.53 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چین کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 1.895 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 1.334 ارب ڈالرتھا،افغانستان کوجاری مالی سال کے دوران 319.88 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 346.52 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 7.68 فیصدکم ہے۔

(جاری ہے)

ممالی سال کے پہلے 8ماہ میں بنگلہ دیش کوبرآمدات سے ملک کو 421.93 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے 525.017 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 19.63 فیصدکم ہے۔سری لنکا کوبرآمدات کاحجم 266.16 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 201.65 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 32.31 فیصدزیادہ ہے۔ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں نیپال کوبرآمدات سے ملک کو2.16 ملین ڈالر اورمالدیپ کوبرآمدات سے 5.99 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں نیپال کوپاکستانی برآمدات کاحجم 2.04 ملین ڈالر اورمالدیپ کو5.54 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں علاقائی ممالک سے مجوعی طورپر8.28 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 13.64 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت میں علاقائی ممالک سے درآمدات پر7.29 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا۔