Live Updates

خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی عدالت کا حکم سنے بغیرہی عدالت سے چلے گئے

کیا رضوان عباسی کو اتنا اعتماد ہے کہ ان کی استدعا منظور کرلی جائے گی؟‘شکایت کنندہ کے وکیل کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے.سلمان اکرم راجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 15 اپریل 2024 17:55

خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی عدالت کا حکم سنے بغیرہی عدالت سے چلے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اپریل۔2024 ) سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کیس کی اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سماعت کے دوران شکایت کندہ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی عدالت کا حکم سنے بغیرہی عدالت سے چلے گئے جس پر عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے اگلی تاریخ طے نہیں کی مگر رضوان عباسی عدالت کی اجازت کے بغیر کمرہ عدالت سے نکل گئے ہیں انہوں نے شکایت کندہ کے وکیل کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کا مطالبہ کردیا.

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا ہورہا ہے ؟ عدالت کے وقار کا مذاق اڑیا جارہا ہے‘ شکایت کندہ کے وکیل بغیر اجازت عدالت سے چلے گئے ہیں ان پر توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہیے،سلمان اکرم راجہ نے سوال اٹھایا کہ کیا رضوان عباسی کو اتنا اعتماد ہے کہ ان کی استدعا منظور کرلی جائے گی؟. انہوں نے کہا کہ رضوان عباسی ساتھ کمرے میں بیٹھے ہوئے تھے،اور عدالت پیش نہیں ہوئے ہم رضوان عباسی کے رویے پر بہت ہی زیادہ رنجیدہ ہیں عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ رضوان عباسی کو کیس کو غیرضروری طول دینے کی کوشش میں کامیاب نہ ہونے دیں.

قبل ازیںتحریک انصاف کے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ ہم رات گئے تک اعلیٰ عدلیہ میں تو دلائل دیتے رہے ہیں آج کیوں نہیں کرسکتے؟ رضوان عباسی آج ہی رات گئے تک دلائل مکمل کریں بشری بی بی کے وکیل عثمان گل نے استدعا کی کہ ابھی تو عدالتی اوقات ختم ہونے میں وقت ہے، دلائل سنے جائیں تاہم رضوان عباسی سیشن عدالت سے واپس روانہ ہوگئے اس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ابھی تو تاریخ بھی نہیں دی اور رضوان عباسی بھاگ کیسے گئے؟ قبل ازیں اپنے دلائل میں رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ دوران عدت نکاح کو عام کیس سمجھا جائے.

جس پرسلمان اکرم راجہ نے استفسار کیا کہ یہ عام کیس کیا ہوتا ہے؟ ٹرائل جتنا تیزی سے چلا ہے وہ عام ہے؟ دو دن سول جج صبح اڈیالہ جیل داخل ہوئے اور رات کو نکلے، سسٹم کو استعمال کیا گیا اسے مزید استعمال نہ ہونے دیا جائے .
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات