Live Updates

عوامی ریلیف میں حائل کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا‘ عظمیٰ بخاری

پیر 15 اپریل 2024 19:43

عوامی ریلیف میں حائل کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا‘ عظمیٰ بخاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی زاہد بخاری کہا ہے کہ عوامی ریلیف میں حائل کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا،آنے والے دنوں میں آٹے کی قیمت میں مزید کمی آئے گی، عوام کے ریلیف میں حائل مافیاز کو معاف نہیں کیا جائے گا،ایئر ایمبولنس چھوٹی جگہ پر لینڈ کر سکتی ہے، اس کو اترنے کے لئے رن وے کی ضرورت نہیں، ائیر ایمبولینس اور چار روپے سستی روٹی کے حوالے سے ہماری حکومت نے ریکارڈ مدت میں اقدامات کئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ (ن) لیگ اور خدمت کا پرانا ساتھ ہے، ایٹمی دھماکے ہوں، سی پیک ہوں یا لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے اقدامات ہوں (ن) لیگ نے ہی کئے ہیں، شہبازشریف کو آج بھی تمام صوبوں میں بہترین ایڈمنسٹریٹر مانا جاتا ہے،مریم نواز کو ڈیڑھ ماہ ہوئے وزارت اعلی سنبھالے ہوئے وہ پنجاب میں ترقی کے حوالے سیاپنے بڑوں کے نقش پا کو پیچھے چھوڑ جائیں گے،ایک ایسی جماعت جو اب نہیں رہی ان کا پروپیگنڈہ سیل کام کررہا ہے۔

(جاری ہے)

ان سے بہتری کا کام نہیں ہوا بھلائی کے کام پر بھی ایک جماعت کو تکلیف ہوتی ہے۔ پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت میں چار روپے مقرر کردی ہے۔ 2004 سے اائیر ایمبولینس کا چورن بک رہا تھا مگر مریم نواز ڈیڑھ ماہ میں یہ منصوبہ لے آئیں۔ریسکیو اہلکار ائیر ایمبولینس کی ٹریننگ لے رہے ہیں۔ چھوٹا جہاز کہیں بھی اتر جائے گا اسے بڑا رن وے نہیں چاہئیے۔ ایک ہوائی جہاز اور دو ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو کا حصہ ہیں۔

ائیر ایمبولینس کی تمام تر سہولت عام آدمی کیلئے مفت ہوں گی اس پر کسی کا کوئی پیسہ نہیں خرچ ہوگا۔ تین مختلف جگہوں پر ائیر ایمبولینس کو کھڑا کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ گندم کی قیمت پر کہوں گی کہ پینتیس روپے آٹا نوازشریف کے پہلے دور میں تھا۔ سستی روٹی شہبازشریف کا منصوبہ تھا اب بیس کلو آٹا کے تھیلے میں پانچ سو روپے کی کمی ہوگی تو روٹی یا نان والے کو بھی فائدہ پہنچنا چاہئیے۔

نان بائی ایسوسی ایشن نے کل ہی کہہ دیا کہ ہم روٹی سستی نہیں کر سکتے تو آپ پیٹرول پر مہنگی روٹی کرتے ہیں تو ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ سستی روٹی پر انتظامیہ حرکت میں ہے جو حکم ہوا اسے لاگو کرنا پڑے گا۔ پورے ہوم ورک سے روٹی کی قیمت کم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاغذوں اور فائلوں میں پہلے منصوبے بنتے رہے تو اب نوازشریف اور مریم نواز کی ڈکشنری میں ناممکن کا کوئی لفظ نہیں۔

بیرسٹر سیف کو تکلیف ہے مریم نواز ایکس پر حکم نامے جاری کررہی تو کہوں گی سوشل میڈیا کی پارٹی اب ہمیں بتائے گی۔ امید ہے بہت جلد KPK کے لوگ گریبان پکڑ کر ان سے پوچھیں گے کہ نہ انہیں پل دئیے نہ بہتر صحت سہولیات دے سکے۔ میری خواہش ہے کہ KPK کے لوگوں کو صحت اور ائیر ایمبولینس جیسی سہولیات ملیں ۔ چونسٹھ لاکھ خاندانوں کو دہلیز پر راشن دیا جو مریم نواز کی ترجیحات ہیں۔

ائیر ایمبولینس اور چار روپے روٹی سستی ریکارڈ مدت میں اقدامات کئے۔ سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب پاکستان کی بیٹی ہیں جہاں بھی ائیر ایمبولینس کی ضرورت پڑی تو پنجاب بڑے بھائی کا حق ادا کرے گا۔ کسان اتحاد کے نمائندوں کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے سپورٹ پرائس پر بہت وقت لگا ہے۔ گندم کی سپورٹ پرائس کسان کارڈ سے سالانہ تین لاکھ روپے ملے گا جس سے وہ ادویات کھاد و بیج خریدے گا۔

جو آلات دنیا میں زراعت میں استعمال ہو رہے ہیں وہ آلات پاکستان میں لا رہے ہیں۔ نان بائی ایسوسی ایشن کا کام نہیں حکومت کا کام ہے کہ وہ چیزوں کو ریگولیٹ کرے۔ گندم پر وہ سیاست نہ کریں جن کا کام سیاست نہیں۔ مریم نواز صاحبِ حیثیت ہیں مگر وہ آٹھ سو روپے کا سوٹ پہنتی ہیں۔ مریم نواز نے لائف سٹائل تبدیل کیا ہے اب روٹین میں ان کی ڈریسنگ ہم سے زیادہ بہتر نہیں ہوتی۔ صحت کارڈ کو اچھا کرکے عام آدمی کیلئے دوبارہ لائیں گے۔ صاحب حیثیت لوگوں کو صحت کارڈ نہیں ملنا چاہیے کیونکہ وہ اپنی جیب سے علاج معالجے کے خراجات برداشت کریں۔ کے پی کے میں کام کرنے اور سیریسنس کی شارٹیج ہے علم میں نہیں اٹک بارڈر پر گندم روکی گئی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات