سعودی سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت کو سہارا ملے گا، فرازالرحمان

پیر 15 اپریل 2024 21:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) معروف تاجر رہنما اور پاکستان بزنس گروپ کے بانی و چیئرمین فرازالرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان بزنس گروپ ملک میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے تاکہ ملک کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے جنت بنایا جا سکے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نیسعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے کاوشوں پروزیر اعظم شہباز شریف،آرمی چیف جنرل عاصم منیر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے معاون کردار ادا کیا ہے، پاکستانی اور سعودی تاجروں کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں براہ راست تعاون ناگزیرہے۔

(جاری ہے)

فرازالرحمان نے کہا کہ دونوں ممالک میں مشترکہ تجارتی نمائشوں کا انعقاد اور آزاد تجارتی معاہدہ بھی باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی اور سیاسی ماحول نے سعودی عرب کو معاشی ترقی اور پاکستان کی برآمدات کے لئے منافع بخش مارکیٹ بنا دیا ہے، پاکستان کے پاس سعودی عرب کے ساتھ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، چاول، چمڑے، سمندری خوراک، ڈیری فارمنگ اور دیگر شعبوں میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے لئے وسیع امکانات موجود ہیں جنہیں سعودی عرب کو پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔#