سعودی عرب کی سات ارب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری معیشت کیلئے خوشخبری ہے،فیصل آباد چیمبر آف کامرس

پیر 15 اپریل 2024 21:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) عالمی بینک کی طرف سے داسو ڈیم کیلئے 1 ارب ڈالر کی امداد اور سعودی عرب کی طرف سے 7 ار ب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت میں بہتری کار جحان پایا جا رہا ہے جس سے شرح نمو میں مزید بہتری آئے گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ورلڈ بینک کی طرف سے 1 ارب ڈالر کی امداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمت کو کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ پانی کی وافر مقدار میں دستیابی سے بنجر زمینوں کو زیر کاشت لا کے زرعی پیداوار بھی بڑھائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعودی سرمایہ کاری کو ایسے منصوبوں پر خرچ کرنا چاہیے جس سے زرعی اشیاء کی ویلیو ایڈیشن میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اِن مصنوعات کو عالمی منڈیوں اور خاص طو رپر مشرق وسطیٰ کے ممالک کو برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اِن دونوں منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل ہو گئی تو پاکستان نہ صرف موجودہ بحرانوں سے نکل آئے گا بلکہ معاشی ترقی کی رفتار کو بھی مزید تیز کیا جا سکے گا۔