سندھ میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، 40 سے زائد ملزم گرفتار

پیر 15 اپریل 2024 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) سندھ کے مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، 44 ملزموں کو گرفتار کر کے ہزاروں لٹر شراب، کرسٹل، چھالیہ اور دیگر نشہ آور اشیاء برآمد کر لیں۔تفصیلات کے مطابق منشیات فروشوں کیخلاف مختلف اضلاع میں کریک ڈاؤن سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر کیا جا رہا ہے، کارروائیوں کے دوران مختلف اضلاع سے 4 منشیات فروشوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ٹنڈوالہیار میں 15 منشیات فروش گرفتار کر کے 450 لٹر شراب، 2110 گرام چرس، 3 گرام کرسٹل، 10 کلو چھالیہ، 100 مین پڑیاں اور 70 مضر صحت گٹکا ماوا برآمد کر لیا، مٹھی میں ایک ملزم سے 65 لٹر دیسی شراب، حیدرآباد میں بھاری مقدار میں خام مال مین پوری کی سپلائی ناکام بنا کر 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا، گاڑی سے خام مال، 500 تیار شدہ مین پڑی برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

بدین پولیس نے کارروائی کر کے 24 منشیات فروشوں کو حراست میں لے لیا ملزموں سے 8 کلو ایک سو پانچ گرام چرس، 1435 لٹر دیسی شراب، 5965 گٹکے، غیر قانونی اسلحہ اور میرپورخاص میں ایکسائز نارکوٹکس نے 60 لٹر دیسی شراب سمیت ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، عمرکوٹ میں بھی ایک ملزم سے 100 لٹر دیسی شراب برآمد ہوئی ہے۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پولیس اور ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی کارروائیاں قابل تعریف ہیں، ہماری کوششیں منشیات کی سمگلنگ اور استعمال کی لعنت سے نمٹنے کیلئے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتی ہیں، منشیات فروشوں کیلئے واضح پیغام ہے کہ سندھ میں ان کی غیر قانونی سرگرمیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوام منشیات سے متعلق اطلاع دے کر قانون نافذ کرنے والے حکام کے ساتھ تعاون جاری رکھیں، ہم اپنی فورسز کو منشیات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے درکار وسائل اور مدد فراہم کرتے رہیں گے۔#