اے این ایف کی کارروائیاں، 165کلو منشیات برآمد، 15ملزمان گرفتار

پیر 15 اپریل 2024 22:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور 13کارروائیوں میں 165کلو سے زائد منشیات برآمد کر کے 15 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر سے 700گرام ہیروئن برآمد کی گئی، لاہور ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر سے 523گرام آئس برآمد ہوئی،پشاور ائیرپورٹ پر دو کاروائیوں میں دوحہ جانے والے دو مسافروں سے 1کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔

لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 61ہیروئن بھرے کیپسولز ،اسلام آباد میں کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 67گرام ہیروئن برآمد،ساہیانوالہ فیصل آباد سے 97کلو چرس برآمد، لاہور کی مزید دو کاروائیوں میں تین ملزمان سے 21کلو افیون 1.4کلو ہیروئن اور 15کلو چرس برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ راشد منہاس روڈ کراچی کے قریب تین ملزمان سے 22.8کلو چرس برآمد ہوئی،ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب دو کاروائیوں میں دو ملزمان سے 1کلو ہیروئن، 6کلو چرس اور 375گرام آئس برآمد ہوئی،بحریہ ٹائون کراچی میں دو ملزمان سے 512 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ ترجمان ایکسائز کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔