اسمبلیوں میں ہنگامہ آرائی عوام کے مسائل ، دکھ درد میں اضافہ کرے گی، امیرحافظ نعیم الرحمن

پیر 15 اپریل 2024 22:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) جماعت اسلامی کے نومنتخب امیرحافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ اسمبلیوں میں ہنگامہ آرائی عوام کے مسائل ، دکھ درد میں اضافہ کرے گی،سیاسی بحرانوں اور سیاسی مسائل کا حل سیاسی بنیادوں پر تلاش کرنا قومی قیادت کی گردن پر قرض ہے۔سیاسی مسائل بروقت حل نہ کئے جانے سے ملک میںسیاسی بے یقینی اورافراتفری پیدا ہوتی ہے جس سے آئین ا ور جمہوریت کی پامالی کے راستے ہموار ہوتے ہیں۔

قومی سیاسی جمہوری قیادت ہوش کے ناخن لے اور قومی ترجیحات کے ایجنڈہ پر اتفاق کرے۔ آن لا ئن کے مطا بق ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی امیرپروفیسر محبوب الزماں بٹ سے ٹیلیفون پر گفتگوکرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاکہ دھڑے بندی، لسانیت، علاقائیت اور مسالک کی بنیاد پر شدت کی زہریلی پولرائزیشن نے ہر انتخاب کو ملک و ملت کے لیے بوجھ بنادیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی سویلین بالادستی پریقین رکھتی ہے، ہم پرامن اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، ہمارا مقصد اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی ،کرپشن اور اقرباء پروری کا کوئی داغ نہیں۔جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت ہی ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دلاسکتی ہے، جماعت اسلامی نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہی اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام ہی آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے، جس سے پاکستان کے عوام خوشحال اور محفوظ ہوں گے۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے کوشاں ہے اور ساری جدوجہد کا مقصد عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہے۔جماعت اسلامی ملک گیر سطح پر باصلاحیت لوگوں کو جمع کر کے پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلائے گی۔