پی ٹی آئی سندھ کا کراچی جلسے کی اجازت میں تاخیر پر تشویش کا اظہار

پیر 15 اپریل 2024 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے باغ جناح گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت کے لیے اپنی درخواست پر کارروائی میں تاخیر پر شدید تحفظات کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ پولیس کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔خط میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے طے شدہ جلسے کی اجازت دینے میں بیوروکریٹک کی غیر ضروری تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا جلسہ کے لیے درخواست 21 مارچ 2024 کو پی ٹی آئی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران ڈپٹی کمشنر ایسٹ کراچی کو ذاتی طور پر جمع کرائی گئی، جس کی سربراہی ان کے جنرل سیکریٹری، ایڈوکیٹ علی پلہ نے کی تھی۔حلیم عادل شیخ نے کہا ڈپٹی کمشنر ایسٹ کراچی کی یقین دہانی کے باوجود، درخواست کی کارروائی میں تاخیر ہوئی، جس سے پی ٹی آئی سندھ نے یکم اپریل 2024 کو ایک یاد دہانی جاری کی، کیونکہ 21 اپریل 2024 کی اصل جلسہ کی تاریخ تیزی سے قریب آ رہی تھی۔

(جاری ہے)

حلیم عادل شیخ نے کہا جلسے کی اجازت کی منظوری کے عمل میں مسلسل سست روی کا سامنا ہونے پر پی ٹی آئی سندھ نے جلسہ کو 28 اپریل 2024 تک ری شیڈول کرنے کا فعال قدم اٹھایا ہے ، تاکہ اجازت حاصل کرنے کے لیے کافی وقت مل سکے۔ تاہم آج 15 اپریل 2024 ہے لیکن جلسے کی اجازت کے لئے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا گیا ہے۔ جلسہ کی پرمشن میں تاخیر پر تشویش ہے یہ جس سے یہ خدشہ پیدا ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالی جاری ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا پاکستان تحریک انصاف جو پاکستان کی ایک بڑی سیاسی ×جماعت ہے، نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جلسوں کے انعقاد کی اجازت نہ صرف ایک قانونی حق ہے بلکہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 17 اور 18 کے تحت اس کی ضمانت بھی دی گئی ہے، جو تمام شہریوں کو اظہار آزادی کی مکمل آزادی دیتا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ دینے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ اور انسپکٹر جنرل سندھ پولیس سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔

وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ان کے جلسے کا مقصد ایک پرامن سیاسی سرگرمی ہے، جو عوامی معاملات میں خلل ڈالے بغیر منظم انداز میں منعقد کی جاتی ہے۔صدر حلیم عادل شیخ نے ان خدشات کو فوری طور پر دور کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پی ٹی آئی سندھ اپنے جمہوری حقوق کا استعمال کر سکے اور کراچی کے باغ جناح گراؤنڈ میں منصوبہ بندی کے مطابق جلسہ منعقد کر سکے۔