ماضی کی بات کی تو ایم کیو ایم کی نیندیں حرام ہوجائیں گی، مرتضی وہاب

بوری بند لاشیں، بھتہ خوری اور ظلم و ستم کے دن کراچی والے بھولے نہیں ہیں،میئر کراچی

پیر 15 اپریل 2024 20:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) میئر کراچی مرتضی وہاب کا ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل آگیا۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی ہے، یہ سیاسی تنہائی کا شکار ہیں، ماضی کی بات کی تو ان کی نیندیں حرام ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بوری بند لاشیں، بھتہ خوری اور ظلم و ستم کے دن کراچی والے بھولے نہیں ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ پی پی عوام سے مخلص اور ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے، سندھ حکومت جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی میں کئی جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، بعض ملزمان پولیس مقابلوں میں بھی مارے گئے، لوٹ مار کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔پی پی رہنما نے کہا کہ کشمور سے کراچی تک جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے، پولیس اور رینجرز کچے کے ڈاکوؤں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں نفرت کی سیاست کرنے والے صرف اپنی سیاست چمکا رہے ہیں، ڈھنڈورا پیٹنے والے عوام سے مخلص نہیں ہیں۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں بے امنی پر وفاق سے مداخلت کا مطالبہ کیا تھا۔