پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، ترجمان حکومت سندھ کا ایم کیو ایم رہنمائوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل

پیر 15 اپریل 2024 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، کراچی میں جرائم میں ملوث کئی ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا ہے جبکہ بعض ملزمان پولیس مقابلوں میں مارے بھی گئے ہیں، شہریوں سے لوٹ مار کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پیر کو ایم کیو ایم رہنمائوں کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کشمور سے کراچی تک جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے، آج بھی وزیرداخلہ سندھ اور آئی جی پولیس کشمور میں ہیں،کچے کے ڈاکوئوں سے لیکر پکے کے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف، پولیس اور رینجرز سخت کارروائیوں میں مصروف ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اپنے عوام سے مخلص اور ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے، ہم غیر سنجیدہ باتوں پر دھیان دینے کے بجائے عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم تنقید کا مقابلہ ترقیاتی کاموں اور قیام امن سے کرینگے۔