محکمہ موسمیات کی بلوچستان میں رواں ہفتے 19اپریل تک مزید بارشوں کی پیش گوئی

پیر 15 اپریل 2024 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں رواں ہفتے 19اپریل تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک ور مطلع جزوی ابر آلود رہا تاہم گوادر ،کیچ،پنجگوراور تربت میں تیز ہوائوںاورجھکڑ چلنے ، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔محکمہ وموسمیات کے مطابق آج منگل کو صوبے کے بیشتراضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں چاغی،واشک، کیچ،پنجگور اور گوادر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 16سے 19اپریل کی صبح تک گوادر، کیچ، آواران، چاغی، خاران، آواران، لسبیلہ، خضدار، قلات، نوشکی، مستونگ، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، لورالائی، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، زیارت، شیرانی ،ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر شدیدموسلادھار بارش کابھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

17 اور 18 اپریل کو شدید /موسلادھار بارش کے باعث بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں خصوصاگوادر ،کیچ، آواران اور قلات میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی ،جھکڑ ،ژالہ باری،گرج چمک اور تیز بار ش کے باعث کھڑی فصلوں، کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے۔کسان اپنی فصلوں خصوصاگندم کی کٹائی کے علاقوں میں موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ تیز بارشوں کے دوران سیاح حضرات غیر ضروری سفر سے اجتناب کریںجبکہ تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں ۔