ملت ایکسپریس واقعہ پر مسافر کے ساتھ ہیں، کانسٹیبل کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا‘ سی ای او

واقعے کی اعلی سطحی تحقیقات جاری ہیں، حتمی نتیجہ آنے تک قیاس آرائیاں نہ کی جائیں‘عامر علی بلوچ

پیر 15 اپریل 2024 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ ملت ایکسپریس واقعہ پر مسافر کے ساتھ ہیں، ہاتھ اٹھانے پر کانسٹیبل کو سخت ترین کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی اعلی سطحی تحقیقات جاری ہیں، حتمی نتیجہ آنے تک قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ عامر علی بلوچ نے کہا کہ ڈی آئی جی ریلوے پولیس ساتھ زون کی سربراہی میں واقعے کی انکوائری جاری ہے۔

انکوائری رپورٹ تین روز میں وزارت ریلوے میں جمع کروا دی جائے گی اور میڈیا سے بھی شیئر کی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو افسر ریلوے نے کہا کہ کسی مسافر کے ساتھ ناروا سلوک بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مسافر ہمارا قیمتی ترین اثاثہ ہیں، اگر ان کا خیال نہیں رکھیں گے تو ریلوے ایک قدم آگے نہیں بڑھ سکتا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ڈی آئی جی ریلوے ساتھ زون عبداللہ شیخ کی سربراہی میں قائم کردہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے سی ای او کو اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

کانسٹیبل کے کال ریکارڈ، اسٹیشن پر اس کی حاضری اور عینی شاہدین کی شہادتوں سے مریم بی بی کے ریل گاڑی سے گرنے یا چھلانگ لگانے کے وقت مذکورہ کانسٹیبل کی حیدرآباد میں موجودگی پائی گئی ہے جبکہ خاتون کی نعش چنی گوٹھ میں ملی ہے جو ملتان ڈویژن میں واقع ہے۔آئی جی ریلوے نے ڈی آئی جی ریلوے ساتھ کو کیس کا ہر ممکن زاویے سے جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین ریلویز کو بھی پیشرفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جا رہا ہے۔