اقتصادی اصلاحات کے پروگرام میں معاونت کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ کئی ارب ڈالر کے نئے قرضہ معاہدے پربات چیت کاآغازکردیاگیاہے، وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب کا فرانسیسی خبررساں ایجنسی کوانٹرویو

منگل 16 اپریل 2024 11:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے کہاہے کہ اقتصادی اصلاحات کے پروگرام میں معاونت کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ کئی ارب ڈالر کے نئے قرضہ معاہدے پربات چیت کاآغازکردیاگیاہے، تجارتی جنگ میں پاکستان کیلئے ویت نام جیسا کرداراداکرنے اورامریکا کو اپنی برآمدات میں اضافہ کرنے کا ایک اچھا موقع میسر ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کودورہ واشنگٹن کے دوران فرانسیسی خبررساں ایجنسی کو انٹرویودیتے ہوئے کہی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ اس وقت پہلے سے موجودتین ارب ڈالرمالیت کے سٹینڈبائی معاہدے کے تحت پروگرام ختم ہونے کے قریب ہے اور اس معاہدے کی 1.1 بلین ڈالر کی حتمی قسط کے اس ماہ کے آخر میں منظور ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان نے کئی ارب ڈالرمالیت کے قرضہ پروگرام کے حوالہ سے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت شروع کر دی ہے جوکئی سالوں پرمحیط ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کے برعکس اس سال پاکستان کی معیشت کا اچھا آغازہواہے، آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کے امکانات کے ساتھ ہی مارکیٹ کے اعتماد میں اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان آئی ایم ایف سے کم سے کم تین سالہ پروگرام کے لیے رابطہ کررہاہے کیونکہ ہمیں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے کوعملی جامہ پہنانے کیلئے اس کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا مئی کے دوسرے یا تیسرے ہفتے تک پروگرام سے متعلق بنیادی امورکو طے کرنے تک پہنچ جائیں گے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت داری ہے۔ امریکا نے ہمیشہ بالخصوص سرمایہ کاری کے حوالہ سے پاکستان کی مددکی ہے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کاذکرکرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ اس کے تحت چین نے بنیادی ڈھانچہ کوترقی دینے کیلئے وسیع سرمایہ کاری کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تجارتی جنگ میں پاکستان کیلئے ویت نام جیسا کرداراداکرنے اور اپنی برآمدات میں اضافہ کا ایک اچھا موقع ہے۔ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات اورنجکاری پروگرام کے سوال پرانہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالہ سے ہمیں آئندہ ماہ یا اس سے کچھ زیادہ مدت مین ممکنہ بولی دہندگان کی دلچسپی کے حوالے سے معلوم ہو جائے گا اورہماری خواہش ہے کہ اس عمل کو جون کے آخر تک مکمل کیا جائے۔ آنے والے دوبرسوں میں نجکاری کے پروگرام میں تیزی لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ وزیرخزانہ آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پرامریکا کادورہ کررہے ہیں۔\932