پاکستان نے کامیابی سے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا،محمد اورنگزیب

آئی ایم ایف سے قرض توسیع پروگرام پر بات چیت کا پلان ہے،آئی ایم ایف حکام سے مثبت بات چیت ہوئی ہے، وزیر خزانہ کا اٹلانٹک کونسل کے تھنک ٹینک سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 16 اپریل 2024 11:19

پاکستان نے کامیابی سے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا،محمد اورنگزیب
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل2024 ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض توسیع پروگرام پر بات چیت کا پلان ہے ، پاکستان نے کامیابی سے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا، آئی ایم ایف حکام سے مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں موجود ہیں۔

واشنگٹن میں اپنے پہلے اٹلانٹک کونسل کے تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جیسے اداروں سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو سنبھالنے اور مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے میں پاکستان جیسے ممالک کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے بڑے اور طویل پروگرام کی تلاش میں ہے کیونکہ ہمیں اسٹرکچرل ریفارمز کیلئے دو سے تین سال درکار ہیں۔

پاکستان کواس وقت بہت سی نئی پالیسیوں کی ضرورت نہیں ہے اسے صرف ان پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے ایک نیا توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پیکج جتنا جلد ہم کر سکتے ہیں، حاصل کرنا چاہتے ہیں، لیکن یہ صرف ابتدائی بات چیت ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف آئی ایم ایف سے ایک نیا پروگرام چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں آئی ایم ایف کی ٹیم کے ساتھ بات چیت میں انہیں معلوم ہوا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی صلاحیت کو تسلیم کیا لیکن وعدہ کردہ اصلاحات پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں وہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا کے علاوہ امریکی نائب وزیرڈیوڈ لو اور ڈپٹی سیکریٹری خزانہ سے بھی ملاقات کریں گے، آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس17 اپریل سے 19 اپریل کے دوران شیڈول ہیں۔ پاکستان آئی ایم ایف سے قرضے کے لیے مشن بھیجنے کی بھی درخواست کرے گا۔